ڈاکو پھولن دیوی مجھ سے ڈرتی تھیں: شیکھر سمن کا دعویٰ

پھولن دیوی کی زندگی بچپن کی شادی سے جنگلوں اور پھر پارلیمنٹ تک جا پہنچی، جسے فلمی پردے پر بھی دکھایا گیا۔
شائع 11 مئ 2026 03:19pm

شیکھر سمن کی شخصیت میں وہ کاٹ ہے کہ سامنے والا خواہ کتنا ہی بارعب کیوں نہ ہو، ان کے تیکھے سوالات اسے دفاعی پوزیشن پر لے ہی آتے ہیں۔ حال ہی میں سینئر اداکار نے ماضی کے جھروکوں سے ایک ایسا دلچسپ قصہ شیئر کیا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

یہ قصہ کسی عام انسان کا نہیں، بلکہ ہندوستان کی تاریخ کی تند و تیز شخصیت، ’بینڈٹ کوئین‘ پھولن دیوی کا ہے۔

شیکھر سمن نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ جب ان کا سامنا ڈاکو سے سیاستدان بننے والی پھولن دیوی سے ہوا، تو منظر کچھ عجیب ہی تھا۔ شیکھر نے بتایا کہ جب پھولن دیوی کرسی پر بیٹھیں تو ان کے پاؤں زمین تک نہیں پہنچ رہے تھے۔

شیکھر نے اسی بات پر چھیڑتے ہوئے ان سے پوچھ لیا، ”آپ کے پاؤں تو زمین تک نہیں پہنچ رہے، پھر آپ ایک ہاتھ میں رائفل تھامے گھوڑے پر کیسے سوار ہوتی تھیں؟“

اس پر پھولن دیوی نے صرف انہیں گھور کر دیکھا، لیکن شیکھر سمن کہاں رکنے والے تھے۔ انہوں نے اگلا تیکھا سوال داغ دیا، ”آپ نے اتنے لوگوں پر گولیاں چلائیں، کیا آپ کو کسی سے ڈر لگتا ہے؟“

پھولن دیوی کا جواب انتہائی غیر متوقع اور دلچسپ تھا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے شیکھر سے کہا، ”تم سے ڈر لگتا ہے، تم مجھ پر سوالات کی گولیاں چلاتے ہو!“

شیکھر سمن نے اُس لمحے کو اپنی زندگی کے سب سے دلچسپ ٹی وی لمحات میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسی خاتون، جس کا نام سن کر لوگ خوف محسوس کرتے تھے، اس کا مزاحیہ انداز میں یہ اعتراف کرنا سب کو حیران کر گیا تھا۔

واضح رہے کہ پھولن دیوی کی زندگی، جو بچپن کی شادی سے شروع ہو کر بیہڑ کے جنگلوں اور پھر پارلیمنٹ تک پہنچی، 1994 میں فلم ’بینڈٹ کوئین‘ کی صورت میں بڑے پردے پر دکھائی گئی تھی۔

شیکھر کپور کی اِس شاہکار فلم میں سیما بِسواس نے مرکزی کردار نبھایا تھا، جسے آج بھی بالی وڈ کی بہترین بائیوپک فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔