سوزوکی موٹرز کا کراچی میں بائیو گیس پلانٹ اور سولر پاور جنریشن سسٹم کا افتتاح

کمپنی پاکستان کے ماحولیاتی اہداف میں بامعنی کردار ادا کرنا چاہتی ہے: منیجنگ ڈائریکٹر پاک سوزوکی موٹرز
شائع 15 مئ 2026 04:10pm

پاکستان میں پاک سوزوکی موٹرز کمپنی لمیٹڈ نے اپنے مینوفیکچرنگ پلانٹ میں 100 مکعب میٹر یومیہ استعداد کے حامل بائیو گیس پلانٹ اور 920 کلوواٹ صلاحیت کے سولر پاور جنریشن سسٹم کا افتتاح کر دیا، جبکہ دونوں تنصیبات نے باقاعدہ کام بھی شروع کر دیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بائیو گیس پلانٹ اور سولر پاور جنریشن کی یہ سہولیات کاربن نیوٹرلٹی کے اہداف کے حصول کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کا حصہ ہیں۔

پاک سوزوکی کے مطابق بائیو گیس پلانٹ میں پاکستان میں وسیع پیمانے پر دستیاب نیپیئر گراس کے ساتھ کمپنی کی کینٹینوں سے نکلنے والے فضلے کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے کہا کہ وہ پاکستان سمیت مختلف خطوں کے مخصوص حالات کے مطابق ماحولیاتی اقدامات کو فروغ دے کر پائیدار معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیروشی کاوامورا نے کہا کہ بائیو گیس پلانٹ اور سولر پاور سہولت کا آغاز اس عزم کا مظہر ہے کہ کمپنی اپنی صنعتی سرگرمیوں میں صاف توانائی کو شامل کرتے ہوئے پاکستان کے ماحولیاتی اہداف میں بامعنی کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی ماحول دوست مینوفیکچرنگ طریقوں کو اپنانے کے لیے پُرعزم ہے اور مستقبل میں بھی ایسی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی جو ماحول کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں۔

کراچی میں واقع پاک سوزوکی پلانٹ میں قائم بائیو گیس پلانٹ 360 مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے اور اس کی یومیہ استعداد 100 مکعب میٹر ہے۔

اسی طرح سولر پاور جنریشن سہولت بھی پاک سوزوکی پلانٹ کراچی میں قائم کی گئی ہے، جس کی پیداواری صلاحیت 920 کلوواٹ ہے، جبکہ اس سے سالانہ 13 لاکھ 95 ہزار کلوواٹ آور بجلی پیدا کی جا سکے گی۔

دوسری جانب پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق ملک نے گزشتہ پانچ برسوں میں تقریباً 18 ارب ڈالر مالیت کے 50 گیگاواٹ سے زائد سولر پینلز درآمد کیے، جو ملک کی مجموعی گرڈ صلاحیت کے برابر حجم تصور کیے جا رہے ہیں۔