ایلون مسک کے بیٹے کا 'ٹائیگر بیگ' چین میں وائرل کیوں ہو رہا ہے؟

اس بیگ کے ذریعے ایلون مسک نے چھوٹا سا دوستانہ اشارہ بھی دیا ہے۔
شائع 16 مئ 2026 11:17am

چین میں ان دنوں ایک ننھے بچے اور اس کے چھوٹے سے بیگ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے۔ یہ بچہ کوئی اور نہیں بلکہ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کا بیٹا ایکس اے اے الیون ہے، جسے پیار سے لٹل ایکس بھی کہا جاتا ہے۔

حالیہ ٹرمپ شی جن پنگ سربراہی اجلاس کے موقع پر جب ایلون مسک اپنے بیٹے کے ساتھ گریٹ ہال آف دی پیپل پہنچے تو وہاں موجود بڑے بڑے ارب پتیوں اور سفارت کاروں کے درمیان اس ننھے بچے نے اپنی معصومیت اور روایتی چینی لباس سے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔

لٹل ایکس نے اس اہم تقریب کے لیے سفید قمیض اور گہرے رنگ کی پتلون کے ساتھ نیلے رنگ کی ریشمی واسکٹ پہنی تھی جس پر خوبصورت کڑھائی کی گئی تھی۔ لیکن سب سے زیادہ چرچا اس کے کندھے پر لٹکے ہوئے چیتے کی شکل کے ایک چھوٹے سے بیگ کا ہو رہا ہے۔ یہ بیگ چین کے صوبے گوانگشی کے ایک مقامی ہینڈی کرافٹ برانڈ ’یاسٹی‘ نے تیار کیا ہے۔

اس بیگ کے وائرل ہوتے ہی چینی انٹرنیٹ پر اسے خریدنے والوں کا ہجوم لگ گیا ہے اور اس کی قیمت تین سو یوآن سے بھی اوپر چلی گئی ہے۔

چین کی ثقافت میں چیتے کی شکل والے لباس اور اشیاء کو بچوں کے لیے حفاظت اور خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ قدیم چینی روایات کے مطابق بچوں کو ’ہو تو‘ یعنی چیتے کے سر والی چیزیں پہنائی جاتی تھیں تاکہ وہ بری نظر اور بلاؤں سے محفوظ رہیں۔

ایلون مسک کے بیٹے نے جس بیگ کو پہنا ہوا ہے وہ اسی قدیم فن کو جدید انداز میں پیش کرتا ہے۔ اس بیگ پر چیتے کی بڑی بڑی آنکھیں، کالے بھنویں اور نیلی زبان کے ساتھ ایک دلچسپ ڈیزائن بنایا گیا ہے جو دیکھنے میں نہایت پرکشش لگتا ہے۔

چینی عوام لٹل ایکس کے اس انداز کو بہت پسند کر رہے ہیں اور اسے مقامی روایات کے احترام کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کا اپنے بیٹے کو چینی ثقافت کے رنگ میں رنگنا ایک دوستانہ اور خوش آئند قدم ہے۔

اس موقع پر ایلون مسک نے یہ دلچسپ انکشاف بھی کیا کہ ان کا بیٹا چینی زبان یعنی مینڈارن سیکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس بیگ کے ذریعے انہوں نے چھوٹا سا دوستانہ اشارہ بھی دیا۔

اس چھوٹی سی حرکت نے مسک خاندان کے لیے چینی عوام کے دلوں میں مزید جگہ بنا دی ہے۔