پنکی کی گرفتاری کے باوجود اس کے کوکین کی آن لائن سپلائی جاری
کراچی میں منشیات کی بڑی ڈیلر انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے باوجود اس کا آن لائن کوکین سپلائی کا نیٹ ورک اب بھی مکمل طور پر فعال ہے اور ان کے مبینہ ہینڈلرز نے اپنے رابطہ نمبر تبدیل کر کے منشیات کا کالا دھندا بدستور جاری رکھا ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنکی کی گرفتاری کے بعد اس کے گینگ کی جانب سے صارفین کو موبائل پر ایک مبینہ پیغام بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میڈم پنکی کا پرانا نمبر بند ہو گیا ہے لیکن اب میڈم پنکی کے دوست یہ سروس فراہم کر رہے ہیں۔
اس مبینہ پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کوکین دستیاب رہے گی۔
منظر عام پر آنے والے اس مبینہ پیغام میں منشیات کی قیمتوں کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں، جس کے مطابق گولڈن اسٹف نامی کوکین پچیس ہزار روپے فی گرام جبکہ سلور اسٹف پندرہ ہزار روپے فی گرام میں دستیاب ہے۔
گینگ کی جانب سے اپنے پرانے خریداروں کو یہ سخت ہدایت بھی کی گئی ہے کہ اب فیاض کمیونیکیشنز کے اکاؤنٹ میں کوئی رقم نہ بھیجی جائے کیونکہ وہ اکاؤنٹ بلاک ہو چکا ہے۔ اس کے بجائے پنکی نیٹ ورک کے مبینہ ٹیم ممبران نے لین دین اور رابطے کے لیے ایک نیا موبائل نمبر جاری کر دیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس نئے آن لائن نیٹ ورک اور تبدیل شدہ نمبروں کی تمام تفصیلات موصول ہو چکی ہیں۔
پولیس اور تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزمہ کی گرفتاری کے باوجود منشیات کی سپلائی چین کو مکمل طور پر توڑنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے کیونکہ یہ گروہ اب بھی آن لائن آرڈرز اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے جدید طریقوں کا استعمال کر کے منشیات فروخت کر رہا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اب اس نیٹ ورک کے نئے سہولت کاروں اور ان کے مالی رابطوں کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر رہے ہیں تاکہ اس پورے گینگ کا صفایا کیا جا سکے۔
















