امریکی پروازوں میں چرس ساتھ لے جانے کی اجازت: لیکن ایک بڑے سرپرائز کے ساتھ

مسافر ہمیشہ سیکیورٹی چیکنگ کے دوران اس کے ساتھ پکڑے جانے سے ڈرتے تھے۔
شائع 20 مئ 2026 12:03pm
تصویر/ اے آئی
تصویر/ اے آئی

امریکہ میں ہوائی سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایک بڑی خبر آئی ہے کہ وہ اب مقامی پروازوں کے دوران طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی چرس یعنی میڈیکل ماریجوانا اپنے ساتھ لے جا سکتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ایک اہم شرط بھی ہے۔

امریکی ائیرپورٹس پر سیکیورٹی کے ذمہ دار ادارے ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے) نے اپنے قوانین میں یہ تبدیلی کی ہے، جس کے تحت میڈیکل استعمال کے لیے تجویز کی گئی کیمبس مصنوعات کو کیری آن یا چیکڈ بیگج میں لے جایا جا سکتا ہے۔

یہ تبدیلی اس وقت سامنے آئی ہے، جب امریکی حکومت نے ماریجوانا کو کم خطرناک ادویات کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ اس کا طبی استعمال ممکن ہے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مسافر کے پاس چھوٹے پیمانے پر قانونی میڈیکل ویڈ ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کا امکان کم ہے، بشرطیکہ وہ ایسے ریاست میں سفر کر رہے ہوں جہاں ماریجوانا قانونی ہے۔

تاہم، مسافروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ ہر ریاست کے قوانین کو اچھی طرح جانچ لیں کیونکہ قوانین اب بھی ریاست بہ ریاست مختلف ہیں۔

اس نئے قانون سے برسوں سے الجھن کا شکار مسافروں کو بڑی راحت ملے گی کیونکہ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں چرس کے حوالے سے قوانین الگ الگ ہیں۔

بہت سے امریکی صوبوں میں طبی یا تفریحی مقاصد کے لیے چرس قانونی ہے لیکن وفاقی قانون کے تحت یہ اب بھی ممنوعہ اشیاء میں شمار ہوتی ہے۔

چونکہ ائیرپورٹس اور ہوائی سفر کے قوانین وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، اس لیے مسافر ہمیشہ سیکیورٹی چیکنگ کے دوران اس کے ساتھ پکڑے جانے سے ڈرتے تھے۔

نئی ہدایات کے مطابق ٹی ایس اے کے اہلکار عام چیکنگ کے دوران خاص طور پر منشیات کی تلاش نہیں کر رہے ہوتے، بلکہ ان کا اصل کام مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ہتھیاروں یا دھماکہ خیز مواد جیسے خطرناک خطرات کو روکنا ہے۔ تاہم ادارے نے اس اجازت کے ساتھ ایک بڑی شرط بھی رکھی ہے۔

ٹی ایس اے کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر سیکیورٹی چیکنگ کے دوران اہلکاروں کو چرس ملتی ہے اور انہیں شک ہوتا ہے کہ اس سے کسی وفاقی یا مقامی قانون کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، تو وہ اب بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلا سکتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ چیک پوائنٹ پر موجود ڈیوٹی افسر کا فیصلہ ہی آخری مانا جائے گا۔

قانونی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جن ریاستوں میں چرس قانونی ہے، وہاں میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ کم مقدار میں چرس لے جانے والے مسافروں پر مقدمہ چلنے کا امکان بہت کم ہے۔

اس کے باوجود مسافروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ پرواز سے پہلے متعلقہ ریاستوں کے قوانین اچھی طرح چیک کر لیں کیونکہ قوانین اب بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ مختلف ہیں۔

اس پالیسی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ میں چرس کی قبولیت بڑھ رہی ہے، لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ہر مسافر کے لیے ماریجوانا مکمل طور پر قانونی ہو گئی ہے۔