پاکستان ریلویز کا بڑا اقدام: عید پر کن شہروں کے لیے اسپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گی؟

اسپیشل ٹرینیں کتنی کوچز پر مشتمل ہوں گی اور یہ کب سے چلائی جائیں گی؟
شائع 21 مئ 2026 05:09pm

پاکستان ریلویز نے شہریوں کی سہولت کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے عید الاضحیٰ کے موقع پر 3 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعرات کو لاہور سے جاری بیان میں ترجمان ریلوے نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے 3 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسپیشل ٹرینیں مختلف شہروں کے درمیان چلائی جائیں گی تاکہ عید کے دوران زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق اسپیشل عید ٹرینوں میں 7 سے 8 کوچز ہوں گی۔ پہلی ٹرین 24 مئی 2026 کو کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، اسی روز دوسری ٹرین کراچی سٹی سے راولپنڈی کے لیے چلائی جائے گی جب کہ تیسری ٹرین 25 مئی 2026 کو کراچی کینٹ سے لاہور کے لیے روانہ کی جائے گی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اسپیشل ٹرینیں ملتان، ساہیوال، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، روہڑی، بہاولپور، خانپور، جہلم اور دیگر اہم ریلوے اسٹیشنز سے گزریں گی تاکہ ملک بھر کے زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق اسپیشل ٹرینوں میں اکانومی کلاس کوچز اور پاور وین شامل ہوں گی جب کہ ٹرینوں کی رفتار سیکشنل اسپیڈ کے مطابق رکھی جائے گی تاہم یہ 105 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز نہیں کرے گی۔

ریلوے حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ باقاعدہ اور درست ٹکٹ کے ساتھ سفر کریں اور رش سے بچنے کے لیے پیشگی ریزر ویشن کو ترجیح دیں۔

واضح رہے کہ پہلی بار عید کے موقع پر پشاور کو نظر انداز کیا گیا ہے اور پشاور کے لیے کراچی، لاہور اور کوئٹہ سے کوئی عید ٹرین نہیں چلے گی۔