اسحاق ڈار کی مارکو روبیو سے اہم ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں خطے کی صورت حال اور پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت بھی ہوئی۔
جمعے کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان واشنگٹن میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی اور ثالثی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور خطے سمیت عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک نے تجارت و سرمایہ کاری، سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی میں مشترکہ مفادات کی بنیاد پر پاک امریکا شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد پاکستانی سفارتخانے بھی پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچے تو پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے استقبال کیا۔














