کویت میں امریکی اڈے پر داغے گئے 2 ایرانی بیلسٹک میزائل تباہ: سینٹ کام کا دعویٰ

امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جنگ بندی کے باوجود کشیدگی برقرار ہے۔
شائع 01 جون 2026 05:49pm

امریکی فوج کے سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں تعینات امریکی افواج کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے دو ایرانی بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے گئے۔ امریکی حکام کے مطابق حملے میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔

قطر کے نشریاتی ادارے ْالجزیرہ‘ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب مشرقی امریکی وقت کے مطابق رات 11 بجے ایران کی جانب سے کویت میں موجود امریکی افواج کو نشانہ بنانے کے لیے دو بیلسٹک میزائل داغے گئے۔

سینٹکام کے مطابق امریکی دفاعی نظام نے دونوں میزائلوں کو فوری طور پر تباہ کر دیا اور حملے سے کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج پوری طرح چوکنا ہیں اور خطے میں اپنے اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بناتی رہیں گی۔

امریکی فوج نے مزید کہا کہ وہ جاری جنگ بندی کی حمایت کے ساتھ ساتھ ایرانی جارحیت کے خلاف اپنی افواج کے دفاع کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں، تاہم دونوں ممالک ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات بھی عائد کر رہے ہیں۔

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ ایران کو ان علاقائی اڈوں اور عسکری تنصیبات کے خلاف جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے جو ایران پر حملوں کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے حالیہ حملوں کے بعد ایران نے اپنے حقِ دفاع کے تحت اقدامات کیے ہیں۔

دوسری جانب امریکا کا مؤقف ہے کہ اس نے حالیہ دنوں میں ایران کے گورک اور جزیرہ قشم میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔