اسرائیل نے فلسطینی خاتون فٹبالر کو حراست میں لے لیا

فلسطینی حکام نے20 سالہ رند حلوانی پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا
شائع 04 جون 2026 11:19am

اسرائیل نے فلسطینی فٹبال ٹیم کی خاتون کھلاڑی کو حراست میں لے لیا۔

فلسطینی حکام کے مطابق 20 سالہ رند حلوانی کو منگل کے روز مغربی یروشلم کے تلپیوت پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون فٹبالر کو بعد ازاں عدالت میں پیش کیا گیا، جس نے ان کی حراست میں جمعے تک توسیع کا حکم دیا۔ اسرائیلی حکام نے اب تک ان کی گرفتاری کی وجوہات نہیں بتائیں۔

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن (پی ایف اے) کا کہنا ہے کہ رند حلوانی کی گرفتاری فلسطینی کھلاڑیوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے کے عمل کا حصہ ہے، جو مسلسل جاری ہے۔

پی ایف اے کے مطابق فلسطینی خواتین کی قومی ٹیم کی سابق کھلاڑی اور بیرزیت یونیورسٹی کی طالبہ نیٹلی ابو دیا کو بھی منگل کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا جب اسرائیلی فورسز نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے حال ہی میں فلسطینی فٹبالر مصعب ابو سالم کو اٹلی جانے سے روکنے کے اقدام کو بھی فلسطینی کھلاڑیوں پر عائد پابندیوں کی ایک مثال قرار دیا ہے۔

تنظیم کے مطابق اسرائیلی حکام نے مصعب ابو سالم کو ایلنبی برج کراسنگ پر روک کر پوچھ گچھ کی اور انہیں فلسطین اسٹارز ٹیم کے ہمراہ اٹلی جانے کی اجازت نہیں دی، جہاں ٹیم نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک دوستانہ میچ کھیلنا تھا۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے 800 سے زائد فلسطینی کھلاڑی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ فلسطینی قیدیوں کے امور سے متعلق اداروں کے مطابق اس وقت 89 فلسطینی خواتین اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔