کوکین کوئین پنکی کو لاہور منتقل کرنے کی اجازت، پولیس تفتیش کے لیے کراچی جائے گی

عدالت نے پنکی کے اہم سہولت کاروں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔
شائع 05 جون 2026 07:34pm

کوکین کوئین کے نام سے مشہور انمول عرف پنکی کے خلاف لاہور میں درج مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، لاہور پولیس نے سیشن کورٹ سے ملزمہ کی تفتیش کے لیے لاہور منتقلی کی اجازت حاصل کرلی ہے جب کہ مختلف پولیس ٹیموں کی کراچی روانگی بھی متوقع ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے انمول عرف پنکی کو لاہور منتقل کرکے تفتیش کرنے کے لیے وزارتِ داخلہ اور متعلقہ عدالت سے چند روز قبل رجوع کیا تھا، جس کے بعد سیشن کورٹ سے مطلوبہ اجازت حاصل کر لی گئی ہے۔

انمول عرف پنکی کے خلاف لاہور میں مجموعی طور پر 5 مقدمات درج ہیں، جن کی پولیس کو مزید تفتیش درکار ہے۔ اس سلسلے میں اقبال ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور سول لائنز ڈویژن کی پولیس ٹیمیں جلد کراچی روانہ ہوں گی۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کراچی کی متعلقہ عدالت سے قانونی اجازت حاصل کرنے کے بعد ملزمہ کو لاہور منتقل کرے گی۔ اس کے علاوہ عدالت سے مقدمات کی تفتیش اور مزید قانونی کارروائی کے لیے بھی باقاعدہ اجازت طلب کی جائے گی۔

پنکی کے اہم سہولت کاروں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ مؤخر

دوسری جانب سیشن عدالت جنوبی کراچی میں انمول عرف پنکی کے خلاف گارڈن تھانے میں درج منشیات کے مقدمے کے حوالے سے مبینہ سہولت کاروں کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے مقدمے کا چالان پیش نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ہفتے لازمی طور پر چالان پیش کرنے کا حکم دیا اور درخواست ضمانت پر فیصلہ آئندہ ہفتے تک مؤخر کر دیا۔

عدالت میں پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہو سکیں، جس کے باعث چالان پیش نہیں کیا جا سکا۔ مقدمے میں ملزمان سہیل الرحمان اور ذیشان کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں انمول عرف پنکی کے خلاف قتل اور منشیات کے سات مقدمات کی سماعت بھی ہوئی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسران پیش ہوئے جب کہ پولیس نے چالان جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ مقدمات کا چالان اب تک کیوں پیش نہیں کیا گیا، جس پر پولیس نے تحقیقات مکمل نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا۔ عدالت نے پولیس کو پیر تک تمام مقدمات کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے قتل کے ایک مقدمے میں مدعی کے دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرنے کے لیے طلب کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ مدعی شیروز کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے۔

پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف گزری اور بغدادی تھانوں میں قتل اور منشیات سمیت مجموعی طور پر سات مقدمات درج ہیں۔

واضح رہے کہ ’کوکین کوئین‘ کے نام سے مشہور انمول عرف پنکی کو 12 مئی کو پولیس اور وفاقی ادارے کی مشترکہ کارروائی میں کراچی کے علاقے گارڈن سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے ملزمہ کو پیشی کے لیے عدالت لایا گیا تو اس کے شاہانہ انداز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

اسی دوران ملزمہ کی چند آڈیوز بھی وائرل ہوئیں جس میں وہ گاہکوں سے ڈیل کرتی سنائی دیں۔ جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ملزمہ اربوں روپے کی منشیات فروخت کرنے والے نیٹ ورک کی سرغنہ ہے جس کا نیٹ ورک کراچی سے لاہور تک پھیلا ہوا ہے، اس دھندے میں اس کے بھائی بھی شریک ہیں اور ڈلیوری کے لیے خواتین بائیک رائیڈرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔

تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق ملزمہ کوکین کی تیاری میں بھی ماہر ہے، جس نے اپنا برانڈ لانچ کر رکھا ہے اور اس کے گاہکوں میں بڑے بڑے نام شامل ہیں۔ پنکی کے مطابق اس کا سابق شوہر منشیات کے عالمی گینگ کا حصہ تھا اور اسی کے ذریعے وہ اس دھندے میں آئی اور اپنا علیحدہ نیٹ ورک بنا کر یہ مذموم دھندا شروع کردیا۔

کراچی پولیس نے ابتدائی تفتیش میں بتایا تھا کہ ملزمہ مختلف تھانوں میں درج 10 مقدمات میں نامزد اور مفرور ہے، جسے پہلی بار 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم اثر و رسوخ کے باعث وہ جلد ہی ضمانت پر رہا ہوگئی تھی۔ اس کے بعد لاہور اور اے این ایف میں درج کیسز بھی سامنے آگئے ہیں۔