آزاد کشمیر حکومت نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دے دیا

محکمہ داخلہ کا نوٹیفکیشن جاری، تنظیم کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت شیڈول میں شامل کر لیا گیا۔
شائع 05 جون 2026 11:45pm

آزاد کشمیر حکومت نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ تنظیم کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے تحت شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو امن و امان اور ریاستی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ تنظیم کی سرگرمیاں عوامی نظم و ضبط اور ریاستی استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔

نوٹیفکیشن میں تنظیم پر خوف و ہراس، انتشار اور نفرت انگیزی پھیلانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے مطابق متعلقہ قوانین کے تحت جائزہ لینے کے بعد تنظیم کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

حکومتی دستاویز کے مطابق صدر آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو باضابطہ طور پر کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت تنظیم کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 2014 کے شیڈول میں شامل کر لیا گیا ہے۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف عوامی اور سیاسی مطالبات کے حوالے سے سرگرم رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے تنظیم کے خلاف یہ اقدام ریاستی سلامتی اور امن و امان کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔