فیفا 2026: نائیجیریا کے خلاف وارم اپ میچ میں رونالڈو کی بدترین کارکردگی، مداح پریشان
اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے نائیجیریا کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آخری وارم اپ میچ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس نے ان کی فارم پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پرتگال کے کپتان، جو اپنے تاریخی چھٹے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، نائیجیریا کے خلاف متعدد یقینی گولز کے مواقع ضائع کرتے نظر آئے۔ اگرچہ پرتگال نے یہ میچ 2-1 سے جیتا، لیکن رونالڈو کی کارکردگی مایوس کن رہی جس نے ان کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
پرتگال نیشنل فٹ بال ٹیم کی جانب سے پیڈرو نیٹو نے 23ویں منٹ میں پہلا گول کر کے برتری دلائی۔
تاہم نائیجیریا کی جانب سے اکور ایڈمز نے دوسرے ہاف کے 14ویں منٹ میں گول کر اسکور برابر لاکھڑا کیا۔ بعد ازاں پرتگال کے متبادل کھلاڑی فرانسسکو کونسیساو نے 75ویں منٹ میں فیصلہ کن گول اسکور کیا، جو رونالڈو کے میدان سے باہر جانے کے کچھ دیر بعد آیا۔
رونالڈو جو بین الاقوامی فٹ بال میں 143 گول کے ساتھ ریکارڈ گول اسکورر ہیں، اس میچ میں ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے، حالانکہ انہیں ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے کئی شاندار مواقع فراہم کیے گئے تھے۔
41 سالہ اسٹار کھلاڑی کو مینیجر روبرٹو مارٹینز نے 65ویں منٹ میں تبدیل کر دیا۔ اس کے باوجود رونالڈو میدان میں اپنے ابتدائی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ وقت تک موجود رہے۔
میچ کے دوران رونالڈو کے کچھ ٹچز نے شائقین کو بھی حیران کر دیا، کیونکہ وہ کھلاڑی جو سعودی پرو لیگ میں النصر ایف سی کے لیے 30 میچوں میں 28 گول کر چکے ہیں، اس میچ میں بعض اوقات غیر معمولی طور پر کمزور نظر آئے۔
پرتگال فیفا ورلڈ کپ 2026 میں گروپ ’K‘ میں شامل ہے اور اپنے پہلے میچ میں ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے خلاف میدان میں اترے گا، جس کے بعد اس کا مقابلہ ازبکستان اور کولمبیا سے ہوگا۔ پرتگال اپنی مہم کا آغاز امریکا کی ریاست ٹیکساس میں کرے گا۔
دوسری جانب نائیجیریا اس ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا اور ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے گا۔
















