فیفا ورلڈ کپ 2026 کا تیسرا روز: سوئٹزرلینڈ اور قطر کا میچ 1-1 گول سے برابر
فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے تیسرے روز کھیلے گئے میچوں میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے، جہاں سوئٹزرلینڈ اور قطر کا میچ ایک، ایک گول سے برابر رہا، جبکہ برازیل اور مراکش بھی ایک، ایک گول کی برابری پر رہے۔ دن کے تیسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ہیٹی کو شکست دے دی۔
سان فرانسسکو میں کھیلے گئے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے پہلے ہاف میں پنالٹی کک پر گول کرکے برتری حاصل کی۔
تاہم قطر نے ہمت نہ ہاری اور دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
قطر کے گول کے فوراً بعد میچ کا اختتام ہوگیا اور دونوں ٹیمیں ایک، ایک پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ اس ڈرا کے نتیجے میں قطر کی ٹیم پہلی مرتبہ فٹبال ورلڈ کپ کے میگا ایونٹ میں پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
تیسرے روز کے دوسرے میچ میں برازیل اور مراکش کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جو ایک، ایک گول سے برابر رہا۔
دونوں ٹیموں نے اپنے اپنے گول پہلے ہاف میں اسکور کیے، جبکہ دوسرے ہاف میں بھی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا، تاہم کوئی بھی ٹیم گیند کو دوبارہ جال میں نہ پہنچا سکی اور میچ ڈرا ہوگیا۔
دریں اثنا، تیسرے روز کے تیسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ہیٹی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔
اسکاٹ لینڈ نے پہلے ہاف میں گول کرکے برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، یوں اسکاٹش ٹیم نے اہم کامیابی اپنے نام کی۔
















