ارباز خان کی گاڑی میں نامعلوم شخص کے گھسنے کی ویڈیو وائرل
بولی ووڈ اداکار اور فلم میکر ارباز خان کوکولکتہ میں اس وقت ایک عجیب اور پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک نامعلوم شخص اچانک ان کی سیکیورٹی کو چکمہ دے کر ان کی گاڑی کے اندر جا بیٹھا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ارباز خان ایک تقریب میں شرکت کے بعد اپنی گاڑی کی جانب جا رہے تھے۔ ان کے ساتھ سکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے جو انہیں ہجوم کے درمیان سے لے جا رہے تھے۔
سوشل میڈیا میں گردش کر نے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ارباز خان اپنے محافظوں کے گھیرے میں بھیڑ سے گزرتے ہوئے گاڑی کی طرف جا رہے تھے۔ تاہم چند لمحوں بعد صورتحال اس وقت بدل گئی جب وہاں موجود لوگوں اور منتظمین کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ایک نامعلوم شخص اچانک اداکار کی گاڑی کے اندر داخل ہو گیا۔
رپورٹس کے مطابق اس اچانک پیش آنے والے واقعے اور سیکیورٹی کی بڑی لاپرواہی نے وہاں موجود تمام لوگوں سمیت ارباز خان کے باڈی گارڈز کو بھی حیران کر دیا۔
صورتحال کو بگڑتا دیکھ کر سیکیورٹی ٹیم نے فوراً کارروائی کی اور گاڑی کا دروازہ کھول کر اس شخص کو پکڑ کر باہر کھینچ لیا۔ اس ہنگامے کے دوران وہاں موجود لوگ حیرت سے یہ سب دیکھتے رہے۔
ویڈیو میں ارباز خان کے چہرے پر بھی حیرانی اور پریشانی صاف دیکھی جا سکتی تھی اور کچھ دیر کے لیے وہاں افرا تفری کا ماحول بن گیا، تاہم محافظوں نے جلد ہی صورتحال پر قابو پا لیا اور اداکار کو وہاں سے روانہ کیا۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ دن پہلے ہی ارباز خان اور ان کی بیوی شورا خان سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ بات چیت کی وجہ سے خبروں میں تھے۔
انٹرنیٹ پر ایک صارف نے شورا خان سے ان کی شادی اور عمر کے فرق پر طنز کرتے ہوئے پوچھا تھا کہ کیا آپ اس بوڑھے آدمی کے ساتھ خوش ہیں؟ اس بات پر غصہ ہونے کے بجائے شورا خان نے بڑا خوبصورت اور مزاحیہ جواب دیا تھا۔
شورا خان نے اس شخص کو جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کیا آپ سچ کہہ رہے ہیں؟ وہ کوئی بوڑھے آدمی نہیں ہیں، بلکہ وہ تو ایک خاص اور نایاب ونٹیج ماڈل ہیں۔

شورا خان کے اس چٹ پٹے جواب کو انٹرنیٹ پر لوگوں نے بہت پسند کیا تھا اور تنقید کرنے والوں کو خاموش کرانے کے اس انداز کی بڑی تعریف کی گئی تھی۔
















