پاکستان کے معروف گلوکار طارق طافو انتقال کر گئے

طارق طافو نے اپنے مقبول پنجابی گیت ’’لاہور لاہور اے‘‘ کے ذریعے ملک بھر سمیت دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔
اپ ڈیٹ 23 جون 2026 10:01am

پاکستان کے معروف گلوکار و موسیقار طارق طافو انتقال کر گئے۔ اہل خانہ کے مطابق گزشتہ روز ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی جس پر انہیں فوری طور پر لاہور کے ایک مقامی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق طارق طافو حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی عمر 58 برس تھی۔

طارق طافو نے اپنے مقبول پنجابی گیت ’’لاہور لاہور اے‘‘ کے ذریعے ملک بھر سمیت دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔ وہ پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ موسیقار طافو خان کے صاحبزادے تھے اور بچپن ہی سے موسیقی کے شعبے سے وابستہ رہے۔ انہوں نے بطور گلوکار، موسیقار اور سازندہ موسیقی کی دنیا میں نمایاں خدمات انجام دیں اور متعدد فنکاروں کی رہنمائی بھی کی۔

مرحوم نامور غزل گائیک غلام علی کے داماد بھی تھے۔ انہوں نے معروف گلوکار ابرار الحق کے ساتھ بھی طویل عرصہ کام کیا اور مختلف موسیقی منصوبوں میں حصہ لیا۔

طارق طافو کے انتقال پر شوبز، موسیقی اور ثقافتی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مداحوں نے بھی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات جاری کیے ہیں۔

مرحوم اپنے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑ گئے ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی نمازِ جنازہ آج اقبال ٹاؤن کے شہنشاہ قبرستان میں ادا کی جائے گی۔