وینزویلا میں زلزلوں سے ہلاکتیں 1430 ہو گئیں، لاکھوں افراد امداد کے منتظر

اقوام متحدہ کے مطابق 67 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو سکتے ہیں، عالمی امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔
شائع 27 جون 2026 11:28pm

وینزویلا میں دو طاقت ور زلزلوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 430 ہو گئی ہے، جب کہ ہزاروں افراد زخمی اور لاکھوں بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ 67 لاکھ 60 ہزار تک افراد اس قدرتی آفت سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بدھ کے روز آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلوں نے ملک کے شمالی ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ قومی اسمبلی کے صدر خورخے روڈریگیز کے مطابق اب تک 3 ہزار 238 افراد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ 50 ہزار سے زائد افراد لاپتا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اوچا کے مطابق کم از کم 17 ممالک کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ دوسری جانب امریکا نے بھی امدادی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے فوجی طیاروں کے ذریعے امدادی سامان اور 250 سے زائد اہلکار وینزویلا روانہ کیے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق سائمن بولیوار انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ایک رن وے بحال کر دیا گیا ہے، جہاں امریکی سی-17 طیارے لینڈ کر رہے ہیں، جب کہ ایک امریکی بحری جہاز بھی وینزویلا کے ساحل پر پہنچ چکا ہے۔

سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ساحلی علاقے لا گوائیرا میں امدادی کارکنوں نے زلزلے کے تقریباً 32 گھنٹے بعد ملبے تلے سے ایک شیر خوار بچے کو زندہ نکال لیا، جسے امدادی کارروائیوں کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق متاثرہ لاکھوں افراد کو ہنگامی پناہ گاہوں، صاف پانی، حفظان صحت، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی امدادی اشیا کی فوری ضرورت ہے، جب کہ زلزلوں سے ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ 6.7 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

متاثرہ شہریوں نے حکومت کی امدادی کارروائیوں پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ کئی متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے پیاروں کو ملبے سے خود نکالنا پڑا کیونکہ بروقت سرکاری امداد نہیں پہنچی۔

امریکا کی حمایت یافتہ عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے کہا ہے کہ وینزویلا اس مشکل وقت میں تنہا نہیں ہے۔ ان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امدادی کارروائیوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔