اسلام آباد میں بارش سے موسم خوشگوار، خیبر پختونخوا میں فلیش فلڈ اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کئی ہلکی اور کئی تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ تیز ہواؤں کے باعث درخت ٹوٹ کر گاڑی پر گر گیا، جس سے گاڑی کی فرنٹ اور بیک سکرینز ٹوٹ گئیں اور چھت کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری طرف خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارش، آسمانی بجلی اور فلیش فلڈ کے باعث 2 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جب کہ لوئر اور اپر چترال میں فلیش فلڈ سے متعدد مکانات، مساجد، دکانوں اور پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
شدید گرمی اور حبس کے بعد اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کئی ہلکی اور کئی تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج اور آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں تیز ہواؤں کے باعث درخت ٹوٹ کر گاڑی پر گر گیا، درخت گرنے کے باعث گاڑی کی فرنٹ اور بیک سکرینز ٹوٹ گئیں اور گاڑی کی چھت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
سی ڈی اے کی ٹیمیں درخت ہٹانے کے لیے موقع پر پہنچ گئیں تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
پی ڈی ایم اے نے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش، آسمانی بجلی اور فلیش فلڈ کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ زکا خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے جب کہ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لوئر چترال میں موسلادھار بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں فلیش فلڈ آیا، جس سے 27 مکانات متاثر ہوئے جب کہ سیلابی ریلے کے باعث 2 مساجد، 2 دکانیں اور ایک پل کو بھی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق فلیش فلڈ سے 4 گاڑیاں اور متعدد موٹر سائیکلیں بھی متاثر ہوئیں جب کہ مجموعی نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
ادھر اپر چترال کے علاقے یارخون، مستوج میں بھی فلیش فلڈ سے ایک مکان، آبنوشی کی متعدد اسکیمیں اور نہریں متاثر ہوئیں تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لوئر چترال میں فلیش فلڈ کے باعث بند ہونے والی 2 رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ اس کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، تمام ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں ایبٹ آباد، سوات، شانگلہ اور باجوڑ میں وقفے وقفے سے شدید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
شانگلہ کی تحصیل بشام، پورن اور دیگر میدانی علاقوں میں تیز بارش کے بعد شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی آنے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے مسلسل بارشوں کے باعث ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
سوات اور مینگورہ شہر کے گردونواح میں طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی دیکھی گئی جب کہ مالم جبہ، کالام اور دیگر بالائی علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
ایبٹ آباد شہر اور گردونواح میں شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تاہم کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ شہری علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک جام رہا، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ باجوڑ میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔
















