'تمہاری وجہ سے میں ذلیل ہوئی‘: بیوی نے سب کے سامنے نیتن یاہو کی کلاس لے لی

وائرل ویڈیو میں ںیتن یاہو کو بیوی کی ڈانٹ سنتے حسرت کی تصویر بنے دیکھا جاسکتا ہے
اپ ڈیٹ 02 جولائ 2026 09:05pm

یروشلم کے ٹیڈی اسٹیڈیم میں مکابیہ گیمز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بدانتظامی کے بعد اسرائیلی وزیرِاعظم کی اہلیہ سارا نیتن یاہو نے اپنے شوہر اور ان کے اسٹاف پر غصہ نکال دیا۔ اس واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کی خود اسرائیلی میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل کی مقبول ترین نیوز ویب سائٹ وائے نیٹ گلوبل کے مطابق یہ تنازع تقریب کے دوران وی آئی پی حصے میں داخلے کے انتظامات پر سارا نیتن یاہو کی ناراضی کے باعث پیدا ہوا۔

مکابیہ گیمز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سارا نیتن یاہو وی آئی پی حصے میں پہنچیں تو ان کے پاؤں پر کسی کا پاؤں آیا، جس پر وہ برہم ہوگئیں۔ اس کے بعد وہ غصے میں بھری وی آئی پی لاؤنج پہنچیں، جہاں بینجمن نیتن یاہو اور ان کا اسٹاف موجود تھا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق سارا نیتن یاہو نے لاؤنج میں داخل ہوتے ہی سب کے سامنے بلند آواز میں اپنے شوہر کو مخاطب کیا اور کہا کہ ’تمہاری وجہ سے میں یہاں لوگوں سے لڑتی پھر رہی ہوں، تم نے مجھے ان سے لڑنے پر مجبور کیا ۔‘

یہ کہہ کر وہ اسرائیلی وزیراعظم کے اسٹاف کی طرف پلٹیں اور انہیں ڈانٹتے ہوئے کہا کہ ’آپ لوگوں کو میری دیکھ بھال کرنی چاہیے تھی۔‘

ایک اسرائیلی صحافی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے، جس میں اس واقعے کی تمام گفتگو تو ریکارڈ نہیں ہوسکی البتہ اس کے آخری لمحات دکھائی دے رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب سارا نیتن یاہو وی آئی پی لاؤنج میں انتہائی غصے کی حالت میں مسلسل شکایات اور ہاتھ کے اشاروں سے برہمی کا اظہار کر رہی ہیں تو اسرائیلی وزیرِاعظم بنجمن بالکل خاموش اور دفاعی پوزیشن میں بیٹھے نظر آرہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے تصدیق کی ہے کہ اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت مناسب سیکیورٹی یا رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے سارا نیتن یاہو کو ہجوم میں دھکا لگا اور کوئی ان کے پاؤں پر بھی چڑھ گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق سارا نیتن یاہو کئی منٹ تک لاؤنج میں موجود افراد کے سامنے شکایات کرتی رہیں، جب کہ منظر عام پر آنے والی ویڈیو اس وقت ریکارڈ کی گئی جب صورت حال کسی حد تک معمول پر آ چکی تھی۔