آبنائے ہرمز امریکا کا کھیل کا میدان نہیں: ایران کا انتباہ

ایرانی فوج نے تجارتی جہازوں کو بھی مقررہ بحری راستوں کی پابندی کی ہدایت کی ہے۔
شائع 02 جولائ 2026 05:05pm

ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کی خود مختاری کے دائرے میں آتی ہے اور اس آبی گزرگاہ کی سلامتی میں کسی بھی امریکی مداخلت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ایرانی فوج نے تجارتی جہازوں کو بھی مقررہ بحری راستوں کی پابندی کی ہدایت کی ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے اعلیٰ فوجی آپریشنل کمانڈ، خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے جمعرات کو جاری بیان میں آبنائے ہرمز پر ایران کی خود مختاری کا اعادہ کرتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ کی سلامتی یا استحکام میں کسی بھی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایرانی حکام نے امریکا کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ ”آبنائے ہرمز امریکا کا کھیل کا میدان نہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی غیر متنازع خود مختاری کے تحت ہے۔ اس اہم آبی گزرگاہ کی سلامتی اور استحکام ایران کی طاقتور مسلح افواج کے لیے سرخ لکیر کی حیثیت رکھتا ہے۔“

ایرانی فوجی ہیڈکوارٹر نے مزید کہا کہ تمام آئل ٹینکرز اور تجارتی جہازوں کے لیے لازم ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کے لیے ایران کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستوں پر عمل کریں۔

ایرانی حکام کی جانب سے خبردار کیا گیا کہ اگر کوئی جہاز مقررہ راستوں سے انحراف کرتا ہے یا ایران کے نیویگیشن پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتا ہے تو مسلح افواج فوری اور مؤثر کارروائی کریں گی جب کہ خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

بیان کے مطابق ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد سے آبنائے ہرمز میں آمدورفت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں تاہم جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد بھی ایران نے اس آبی گزرگاہ پر اپنی خودمختاری برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی فوجی ہیڈ کوارٹر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی میں امریکی مداخلت یا کسی بھی قسم کی تخریبی سرگرمی کو ایران کی قومی خودمختاری کے خلاف اقدام تصور کیا جائے گا، جس کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کے اوپر امریکی طیاروں، چاہے وہ انسانی عملے کے ساتھ ہوں یا بغیر پائلٹ، کی مسلسل پروازیں اس آبی گزرگاہ اور پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران آبنائے ہرمز پر اپنے خودمختار حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور امریکا یا اس کے حامیوں کی کسی بھی جارحیت یا خلاف ورزی کو ناکام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔