کشتی حادثہ: جاں بحق فیملی سوات کیوں گئی تھی؟
سوات میں پیش آنے والے المناک کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی میتیں لاہور پہنچا دی گئی ہیں، جبکہ حادثے میں لاپتا 24 سالہ بشریٰ سموئی کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے۔
جاں بحق افراد میں ریٹائرڈ کرنل عامر اوندل، ان کے 20 سالہ بیٹے عبداللہ، 27 سالہ بیٹی پروا اوندل، 23 سالہ بیٹی رویل اوندل، پروا اوندل کا ایک سالہ بیٹا اور پانچ سالہ بیٹی شامل ہیں۔
حادثے میں لاپتا ہونے والی 24 سالہ بشریٰ سموئی کو تاحال تلاش نہیں کیا جا سکا۔ اہل خانہ کے مطابق بشریٰ سموئی پانچ روز قبل امریکا سے اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان امریکی ویزا کے سلسلے میں اسلام آباد آیا تھا، جہاں سے وہ سیر و تفریح کے لیے سوات روانہ ہوا۔ حادثے کے بعد سے ریسکیو ٹیمیں دریائے سوات میں بشریٰ سموئی کی تلاش میں مصروف ہیں، تاہم تاحال ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔












