قیدی وین سے فرار حوالاتیوں کو دوبارہ پکڑنے کا آپریشن مکمل، آخری ملزم بھی گرفتار

راولپنڈی پولیس کے گرینڈ آپریشن کے بعد تمام 14 فرار حوالاتیوں کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ ملزمان میں خطرناک ترین قیدی بھی شامل تھے۔
شائع 05 جولائ 2026 07:44pm

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کی قیدی وین سے فرار حوالاتیوں کے معاملے پر پولیس نے آپریشن مکمل کرتے ہوئے تمام 14 حوالاتی گرفتار کرلیے ہیں، ملزمان میں خطرناک قیدی بھی شامل تھے جب کہ حوالاتیوں کے فرار ہونے پر ایس پی پیڈ کوارٹر کو تبدیل اور ڈی ایس پی کو معطل کیا گیا تھا ،واقع کا مقدمہ تھانہ سہالہ میں درج تھا۔

راولپنڈی میں قیدی وین سے فرار حوالاتیوں کی گرفتاری کے لیے راولپنڈی پولیس کا گرینڈ آپریشن مکمل ہوگیا جب کہ آخری مفرور حوالاتی اسد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

راولپنڈی پولیس کی خصوصی ٹیموں نے واقعے کے فوری بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کیا، 72 گھنٹے کے اندر 14 میں سے 13 مفرور حوالاتیوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور اب 14 ویں مفرور حوالاتی کی گرفتاری سے مسلسل جاری سرچ آپریشن بھی اختتام پذیر ہوگیا۔

راولپنڈی پولیس کے سینئر افسران کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے قلیل وقت میں بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے تمام 14 فرار حوالاتیوں کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ ملزمان میں خطرناک ترین قیدی بھی شامل تھے۔

منشیات کے مقدمہ کا ملزم عالم زیب سال 2024 کے مقدمہ میں گرفتار ہوا تھا، سنگین ڈکیتی کے جرم میں وہاب قیوم کو 2024 کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان احتشام شبیر، عدیل شاہ، ضیغم شاہ کو ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ملزمان عدنان عرف دانی، واحد عرف واحدی کو قتل کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا، شامیر، عبد الرحمان، اسد ستی اقدام قتل اور دیگر جرائم کے مقدمات میں گرفتار تھے۔

یاد رہے کہ قیدی وین سے حوالاتیوں کے فرار پر ایس پی ہیڈ کوارٹر کو تبدیل اور ڈی ایس پی کو معطل کیا گیا تھا جب کہ 5 پولیس اہلکاروں کے خلاف غفلت اور لاپرواہی پر تھانہ سہالہ میں مقدمہ درج ہے۔