میرے خلاف پروپیگنڈا مہم سے مودی کی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی: خواجہ آصف

بھارت کی جانب سے میرے خلاف ذاتی حملے کرنے یا مجھے ذہنی طورپرغیرمستحکم قراردینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا: وزیر دفاع
شائع 05 جولائ 2026 10:22pm

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی گزشتہ برس پاکستان سے شکست کے بعد اندرون اور بیرون ملک اپنی گرتی ہوئی ساکھ کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے جب کہ میرے خلاف پروپیگنڈا مہم سے مودی کی ساکھ بحال نہیں ہوسکتی۔

اتوار کو وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھارتی گمراہ کن پروپیگنڈے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے میرے خلاف ذاتی حملے کرنے یا مجھے ذہنی طور پر غیرمستحکم قرار دینے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ خصوصاً پاکستان سے گزشتہ سال جنگ میں شکست کے بعد مودی اندرون ملک اور بیرون ملک اپنی گرتی ہوئی ساکھ کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے، میرے خلاف پروپیگنڈا مہم سے مودی کی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ راہول گاندھی نے بھی مودی کو ملنے والے بین الاقوامی اعزازات پر یہی سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں سے بعض اعزازات یا تو مصنوعی طور پر تخلیق کیے گئے ہیں یا خودساختہ تشہیری مہم کا حصہ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خود ساختہ تشہیری مہم کا مقصد خود کو ایک عالمی مدبر رہنما کے طور پر پیش کرنا ہے مگر اس سے مودی کی ساکھ عالمی شعبدہ باز کے طور پر ابھری ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مستند جریدے گارڈین نے بھی اپنی رپورٹ میں مودی کے اعزازات کی ساکھ اور شفافیت پر سوالات اٹھائے ہیں، مودی کی بیرون ملک سے ایسے مصنوعی تعریف و توصیف حاصل کرنے کی بے چین کوششیں دراصل اپنے ملک میں شدید طور پر کمزور ہوتی ہوئی ساکھ کو سہارا دینے کی ایک ناکام کوشش ہے۔