امریکا نے سعودی عرب اور کویت کو اربوں ڈالرز کے بڑے ہتھیار بیچنے کی منظوری دے دی

ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
شائع 16 جولائ 2026 12:23pm

امریکا نے مشرق وسطیٰ کے دو اہم ممالک، سعودی عرب اور کویت کے لیے اربوں ڈالرز مالیت کے ممکنہ فوجی اور دفاعی سازوسامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک باضابطہ بیان کے مطابق، ان معاہدوں کے تحت سعودی عرب کو تقریباً دو ارب ڈالرز کے جدید ہتھیار فراہم کیے جائیں گے جبکہ کویت کے لیے بھی کروڑوں ڈالرز کے دفاعی سپورٹ پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔

ان معاہدوں کا مقصد دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

امریکی حکام کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، سعودی عرب کے لیے منظور کیے جانے والے اس ممکنہ منصوبے کی کل مالیت ایک ارب چھیانوے کروڑ ڈالرز ہے۔

اس دفاعی پیکج میں انتہائی جدید گائیڈڈ میزائل سسٹم شامل ہے۔ معاہدے کے تحت سعودی عرب کو فضا سے فضا میں مار کرنے والے دس ہزار گائیڈڈ سسٹم اور اتنی ہی تعداد میں فضا سے زمین پر مار کرنے والے جدید ترین گائیڈنس سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔

اس نظام کو عام زبان میں گائیڈڈ راکٹ ٹیکنالوجی کہا جاتا ہے جو اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اس بڑے فوجی پیکیج میں صرف میزائل اور گائیڈنس سسٹم ہی شامل نہیں ہیں بلکہ اس میں لانچرز، دھماکہ خیز وار ہیڈز، راکٹوں کو چلانے والے انجن، فیوز، اور اسپیئر پارٹس بھی دیے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کو درست حالت میں رکھنے کے لیے تکنیکی مدد، فوجیوں کو تربیت دینے کا سامان اور لاجسٹک یعنی مواصلاتی اور سفری خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔

امریکی حکام کے مطابق اس بڑے منصوبے کو مکمل کرنے والی اہم ترین کمپنی بی اے ای سسٹمز ہوگی جو امریکی ریاست نیو ہیمپشائر میں قائم ہے۔

سعودی عرب کے ساتھ ساتھ امریکا نے اپنے ایک اور اہم اتحادی ملک کویت کے لیے بھی اڑتالیس کروڑ چالیس لاکھ ڈالرز مالیت کے دفاعی معاہدے کی منظوری دی ہے۔

کویت کے لیے منظور کیا گیا یہ معاہدہ بنیادی طور پر ان کے پاس موجود سی-17 نامی بڑے فوجی مال بردار طیاروں کی دیکھ بھال اور ان کی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کے لیے ہے۔

اس پیکیج کے تحت کویتی فضائیہ کو ان طیاروں کے پرزے، ضروری لوازمات، طیاروں میں جدید تبدیلیاں کرنے کا سامان، مواصلاتی نظام، سافٹ ویئر، تکنیکی دستاویزات اور تربیت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ کویتی فوج اپنے نقل و حمل کے طیاروں کو ہر وقت تیار حالت میں رکھ سکے۔