وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال
ایران امریکا جنگ رکوانے کے لیے پاکستان ایک بار پھر متحرک ہوگیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ہے، ملاقات میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے جب کہ ایرانی وزیر داخلہ نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق منگل کے روز ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور دو طرفہ سیکیورٹی اور مؤثر بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور امن کے لیے بامقصد کوششوں پر پاکستان کی مؤثر سفارتی کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی اور باہمی خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ کاری اور تعاون پر مبنی میکانزم کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
وزیراعظم سے ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورت حال پر غور کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا اور حالیہ کشیدگی کی وجوہات سے بھی آگاہ کیا جب کہ اسکندر مومنی نے ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے فریقین پر مذاکرات کی طرف واپس آنے پر بھی زور دیا۔ شہباز شریف نے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا جب کہ اس اہم ملاقات میں پاکستان اور ایران کا قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی اہم ملاقات کریں گے۔ قبل ازیں ایرانی وزیر داخلہ کے اعزاز میں پولیس لائنز اسلام آباد میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جہاں وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
وفاقی پولیس کے خصوصی دستے نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کو گارڈ آف آنر پیش کیا جب کہ اس موقع پر پاکستان اور ایران کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
معزز مہمان نے طلال چوہدری کے ہمراہ پولیس پریڈ کا معائنہ کیا اور اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستوں کی سلامی قبول کی۔
بعد ازاں ایرانی وزیر داخلہ پاکستان مونومنٹ بھی پہنچے، جہاں ایف سی کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، انہوں نے یاد گار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
ایران کے وزیر داخلہ نے شکرپڑیاں سے اسلام آباد شہر اور مارگلہ پہاڑی سلسلے کو دیکھا جب کہ انہوں نے شاندارخدمات انجام دینے والے پولیس اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔













