حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے پر پیٹرول پمپ مالکان کا پمپس بند کرنے کا اعلان

وزیر پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے: چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن
شائع 21 جولائ 2026 08:55pm

حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر رد و بدل کی مجوزہ پالیسی پر حکومت اور آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کے بعد پیٹرول پمپ مالکان نے کل رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال اور پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

منگل کو حکومت اور آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے درمیان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر رد و بدل کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے اور حکومت کے ساتھ معاملات طے نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کسی صورت قابل قبول نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ مالکان کا مؤقف ہے کہ قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر ہونا چاہیے جب کہ ڈیلرز کے کمیشن کے معاملے کو بھی حل کیا جائے کیوں کہ موجودہ نظام میں ڈیلرز شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

چیئرمین ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ ایک جانب اوگرا اور آئل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز) ہیں اور دوسری جانب حکومت جب کہ روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کی پالیسی ”آدھا تیتر، آدھا بٹیر“ والی صورت حال پیدا کر رہی ہے، جو عملی طور پر قابل عمل نہیں۔

ہمایوں خان نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم شعبے سے متعلق پالیسیاں مرتب کرتے وقت پیٹرول پمپ مالکان سے مشاورت نہیں کرتی حالاں کہ وہ اس نظام کا اہم حصہ ہیں، ہم کل رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

دوسری جانب پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ نے بھی مذاکرات کی ناکامی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں رد و بدل کا فیصلہ ڈیلرز کے لیے قابل قبول نہیں، اسی لیے حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

پیٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد کل رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال کی جائے گی اور ملک بھر کے پیٹرول پمپ بند رکھے جائیں گے۔

یاد رہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ  پیٹرولیم مصنوعات کے نئے پرائسنگ میکنزم کے تحت اوگرا اب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گا۔

نئے  میکنزم کے تحت اوگرا نئی قیمتوں کا تعین گزشتہ 7 روز کی اوسط عالمی قیمتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا جب کہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے جاری قیمتیں برقرار رہیں گی۔