سونے کی قیمت میں ایک بار پھر زبر دست کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

پاکستان میں سونے کی بڑھتی قیمتیں رک گئیں، 2 روز مسلسل اضافے کے بعد سونا ہزاروں روپے سستا ہوگیا۔
شائع 28 جولائ 2026 06:04pm

پاکستان میں سونے کی قیمت میں 2 روز مسلسل اضافے کے بعد ایک بار پھر بڑی کمی ہوئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 4300 روپے اور 10 گرام سونا 3687 روپے سستا ہوا ہے۔

منگل کے روز عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی ہے، بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 43 ڈالر کی کمی سے 4050 ڈالر کی سطح پر آگئی۔

اسی طرح مقامی صرافہ بازاروں میں بھی کاروباری ہفتے کے دوسرے روز فی تولہ اور 10 گرام سونے کے نرخ میں ہزاروں روپے کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں  فی تولہ سونے کی قیمت میں 4300 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے کا ہوگیا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3687 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے مقرر ہوگئی۔

دوسری جانب فی تولہ چاندی کی قیمت 174 روپے کی کمی سے 6 ہزار 223 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 149 روپے کی کمی سے 5 ہزار 335 روپے کی سطح پر آگئی۔

ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی، امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے بدلتے رجحانات کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتیں نیچے آئی ہیں۔

صرافہ ڈیلرز کے مطابق حالیہ کمی کے بعد زیورات خریدنے کے خواہشمند افراد کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے تاہم قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث خریدار اور سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ چند روز کے دوران مقامی مارکیٹ میں مزید کمی یا استحکام دیکھنے کو مل سکتا ہے تاہم کسی بھی بڑی عالمی معاشی یا سیاسی پیش رفت کی صورت میں قیمتوں کا رخ دوبارہ تبدیل ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔

تاجروں کے مطابق سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورت حال برقرار ہے، جس کے باعث سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔