'لبوبو' گڑیا کی بیکری میں انٹری، دلچسپ اور حیران کُن کیکس کی تیاری

کمپنی لبوبو پر ایک فلم بھی بنا رہی ہے، جبکہ بیجنگ میں اپنے تھیم پارک "پاپ لینڈ" کی توسیع بھی کر چکی ہے۔
شائع 29 جولائ 2026 12:19pm

چین کی معروف کھلونا ساز کمپنی پاپ مارٹ نے اپنے مشہور کردار ”لبوبو“ کو کھلونوں کی دنیا سے باہر نکال کر میٹھے پکوانوں کی دنیا میں متعارف کرا دیا ہے۔ کمپنی نے سنگاپور میں اپنی پہلی بین الاقوامی بیکری کا افتتاح کیا ہے، جہاں لبوبو اور دیگر مقبول کرداروں سے متاثر ہو کر تیار کیے گئے کیک، پیسٹریاں، مشروبات اور آئس کریم فروخت کی جا رہی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، یہ دو منزلہ بیکری سنگاپور کے ریزورٹس ورلڈ سینٹوسا میں یونیورسل اسٹوڈیوز کے سامنے قائم کی گئی ہے۔

بیکری میں کھلونوں کی شکل کی 45 مختلف اقسام کی مٹھائیاں اور مشروبات فروخت کیے جا رہے ہیں، جن کی قیمت 5 سے 32 سنگاپور ڈالر کے درمیان رکھی گئی ہے۔ ان میں بلیک سیسمی لبوبو پاپسیکل، ”مولی“ ڈبل چیز کیک اور دیگر کرداروں سے متاثرہ میٹھے شامل ہیں۔

۔

پاپ مارٹ کے ذیلی ادارے ”پاپ بیکری“ کے سربراہ ژانگ شیاؤیانگ نے ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا، ”ہم اپنے کھلونوں کے کرداروں کو صارفین کی زندگی کے ہر حصے کا حصہ بنانا چاہتے ہیں، اور میٹھی چیزیں بھی اسی کا ایک ذریعہ ہیں۔ دیگر کمپنیاں اپنے کیک پر صر ف سادہ تصویر بناتی ہیں یا پلاسٹک کے کھلونے رکھ دیتی ہیں، جبکہ ہم نے اپنے کرداروں کو مکمل طور پر کھانے کے قابل بنایا ہے۔“

اس موقع پر انہوں نے کہا، ”سنگاپور ہماری پہلی منزل ہے۔ ہم یورپ اور امریکہ میں بھی ایسی ہی بیکریاں کھولنے پر غور کر رہے ہیں۔ تاہم، اس کے لیے مناسب وقت اور مقامی سپلائی چین جیسے معاملات کو دیکھنا ضروری ہے۔“

انہوں نے مزید بتایا کہ کمپنی جنوب مشرقی ایشیا کے دیگر ممالک، جن میں تھائی لینڈ، انڈونیشیا اور ملائیشیا شامل ہیں، میں بھی میٹھے کی دکانیں کھولنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

سنگاپور میں بیکری کے افتتاح سے قبل پاپ مارٹ نے اپریل 2026 میں چین کے ساحلی شہر چھن ہوانگ ڈاؤ میں اپنی پہلی بیکری کھولی تھی۔ اس سے پہلے کمپنی چین میں 30 سے زائد عارضی ڈیزرٹ ٹرک بھی آزما چکی ہے، جنہیں صارفین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا۔

۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کمپنی کا یہ قدم اس کے کاروبار کو مزید وسعت دینے کی کوشش ہے۔

پاپ مارٹ صرف بیکری تک محدود نہیں رہنا چاہتی۔ کمپنی نے رواں سال اعلان کیا تھا کہ وہ سونی پکچرز کے اشتراک سے لبوبو پر ایک فلم بھی بنا رہی ہے، جبکہ بیجنگ میں اپنے تھیم پارک ”پاپ لینڈ“ کی توسیع بھی کر چکی ہے۔

ژانگ شیاؤیانگ نے کہا، ”ہماری کوشش ہے کہ ہمارے کردار صارفین کی زندگی کے ہر پہلو کا حصہ بن جائیں۔ دیگر تفریحی کمپنیاں عموماً کیکس پر پلاسٹک کی سجاوٹ استعمال کرتی ہیں، لیکن ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم اپنے کرداروں کو مکمل طور پر قابلِ خوردنی اور تھری ڈی شکل میں پیش کر رہے ہیں۔“

ماہرین کے مطابق، پاپ مارٹ کی یہ حکمت عملی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کمپنی عارضی مقبولیت کو طویل مدتی کامیابی میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ اگر یہ منصوبہ کامیاب رہا تو مستقبل میں لبوبو صرف کھلونوں اور فلموں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ دنیا بھر کی بیکریوں میں بھی اپنی جگہ بنا سکتا ہے۔