صبح اٹھتے ہی سر درد کیوں ہوتا ہے؟ اہم وجوہات اور بچاؤ کے آسان طریقے
اکثر لوگ جب صبح سو کر اٹھتے ہیں تو ان کا سر بھاری ہوتا ہے یا شدید درد کر رہا ہوتا ہے۔ عام طور پر رات کو اچھی اور پوری نیند کے بعد انسان کو صبح کے وقت خود کو تازہ دم اور توانا محسوس کرنا چاہیے، لیکن صبح کا آغاز ہی اگر سر کے بوجھ اور تھکن سے ہو تو پورا دن خراب گزرتا ہے۔
صبح آنکھ کھلتے ہی اگر سر میں درد، بوجھ یا تھکن محسوس ہو تو اسے معمولی بات سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ اس کی وجہ روزمرہ کی کچھ عادات یا جسم میں ہونے والی بعض خرابیوں کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے۔
اگر صبح کے وقت سر درد بار بار ہو رہا ہو تو اپنی روزمرہ زندگی اور خوراک پر توجہ دینا ضروری ہے اور اگر مسئلہ برقرار رہے تو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔
نیند کی کمی
ماہرین کے مطابق اچھی اور مکمل نیند نہ لینا صبح کے سر درد کی ایک عام وجہ ہے۔ اگر کسی شخص کی نیند بار بار ٹوٹتی ہو یا وہ رات دیر تک جاگتا رہے تو دماغ کو مناسب آرام نہیں ملتا، جس کے باعث صبح اٹھتے ہی سر بھاری محسوس ہو سکتا ہے۔ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ روزانہ سونے اور جاگنے کا ایک مقررہ وقت ہونا چاہیے۔
جسم میں پانی کی کمی
صبح کے وقت سر درد کی ایک بڑی وجہ جسم میں پانی کی کمی ہو سکتی ہے۔ رات بھر کئی گھنٹوں تک بغیر پانی پئے سوئے رہنے سے جسم میں پانی کی کمی کم ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے صبح اٹھتے ہی چکر آنے یا سر میں درد کی شکایت ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دن بھر مناسب مقدار میں پانی پینا اور صبح اٹھتے ہی ایک یا دو گلاس پانی پینے کی عادت فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
رات دیر سے کھانا یا خالی پیٹ سونا
رات کو بہت دیر سے کھانا کھانا یا بھوکے سو جانا بھی صبح کے سر درد کا باعث بن سکتا ہے۔ ایسی صورت میں صبح جسم میں طاقت کی کمی ہو جاتی ہے جس سے سر درد، کمزوری اور چڑچڑا پن پیدا ہوتا ہے۔
خراٹے اور سانس کی رکاوٹ سے سر درد کا خطرہ
بعض لوگوں کو سوتے وقت خراٹے لینے یا سانس رکنے کی بیماری ہوتی ہے اس کے باعث جسم اور دماغ کو مناسب مقدار میں آکسیجن نہیں ملتی، جس کا اثر صبح تھکن، سستی اور سر درد کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔ اگر یہ مسئلہ بار بار پیش آئے تو طبی مشورہ لینا ضروری ہے۔
زیادہ چائے اور کافی کا استعمال
زیادہ چائے یا کافی پینے کی عادت بھی صبح کے سر درد کا سبب بنتی ہے۔ اگر جسم روزانہ کیفین کی زیادہ مقدار کا عادی ہو جائے اور مقررہ وقت پر یہ نہ ملے تو سر درد شروع ہو سکتا ہے۔ ماہرین اس کی مقدار کو آہستہ آہستہ کم کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
ذہنی دباؤ اور پریشانی
ذہنی دباؤ اور پریشانی بھی اس مسئلے کی ایک اہم وجہ سمجھی جاتی ہے۔ کام کا دباؤ، مسلسل فکر یا کسی معاملے پر زیادہ سوچنے سے رات کی نیند متاثر ہو سکتی ہے، جس کا اثر اگلی صبح سر درد اور بوجھ کی شکل میں ظاہر ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ کچھ اور عام وجوہات بھی صبح کے سر درد کا باعث بنتی ہیں۔ جیسے سوتے وقت بہت اونچا یا سخت تکیہ استعمال کرنا، جس سے گردن کے پٹھوں پر دباؤ پڑتا ہے۔ کچھ لوگوں کو سوتے میں دانت پیسنے کی عادت ہوتی ہے جس سے جبڑے اور سر میں درد ہوتا ہے۔ صبح کے وقت بلڈ پریشر کا بڑھ جانا یا بلڈ شوگر کا کم ہو جانا بھی سر کے بوجھل ہونے کی بڑی وجہ ہے۔ سونے سے پہلے موبائل اسکرین کا استعمال بھی اس مسئلے کو بڑھاتا ہے۔
طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ صبح اٹھتے ہی سب سے پہلے ایک یا دو گلاس سادہ پانی پیئیں، رات کا کھانا سونے سے دو تین گھنٹے پہلے کھائیں اور گردن کو آرام دینے کے لیے مناسب تکیہ استعمال کریں۔ اگر صبح سر میں درد ہو تو کھلی ہوا میں لمبی سانسیں لیں اور سر کا ہلکا مساج کریں۔
اگر درد کئی دنوں تک مسلسل رہے، بہت تیز ہو، الٹی یا چکر آئیں یا دوا لینے کے بعد بھی آرام نہ ملے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ بیماری کی صحیح وجہ کا پتہ چل سکے۔
















