بھارتی اداکارہ شہناز گل پاکستانی ڈراموں کی مداح، تعریفوں کے پل باندھ دیے
بھارتی اداکارہ اور گلوکارہ شہناز گل نے پاکستانی ڈراموں، ان کے معیار اور فنکاروں کی شدید مداح ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں محبت اور جذباتی کہانیوں کی جو پاکیزگی اور فطری پن ہے، اس کا کوئی مقابلہ نہیں۔
حال ہی میں وائرل ہونے والے ایک انٹرویو کلپ میں بگ باس 13 سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے اپنے پسندیدہ پاکستانی فنکاروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہانیہ عامر ان کی ’فیورٹ‘ ہیں، جبکہ وہ بلال عباس خان اور فہد مصطفیٰ (ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ کے کردار مصطفیٰ) کی اداکاری کو بھی بے حد پسند کرتی ہیں۔
ڈراموں کی فہرست پر بات کرتے ہوئے شہناز گل کا کہنا تھا کہ انہوں نے حال ہی میں ’کبھی میں کبھی تم‘ دیکھا جو کہ انتہائی شاندار ڈرامہ تھا، جبکہ ’میری زندگی ہے تو‘ جیسے سپرہٹ ڈرامے کا تو جواب ہی نہیں۔
پاکستانی ڈراموں کی منفرد پیشکش کو سراہتے ہوئے شہناز گل نے کہا،’مجھے یہ ڈرامے اس لیے پسند ہیں کیونکہ ان میں رومانس بہت فطری محسوس ہوتا ہے۔ ایک دوسرے کو چھونے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔ بغیر جسمانی قربت کے جو محبت دکھائی جاتی ہے، اس کا الگ ہی مزہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ، کردار ایک دوسرے کے قریب بھی نہیں آتے لیکن جذبات کی شدت اور سلو برن اسٹوری ٹیلنگ (آہستہ آہستہ آگے بڑھتی کہانی) ناظرین کو باندھے رکھتی ہے اور یہی چیز مجھے بہت خالص محسوس ہوتی ہے۔ پاکستانی ڈراموں کا واقعی کوئی مقابلہ نہیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں محبت کو غیر ضروری جسمانی قربت کے بجائے جذبات، تاثرات اور مضبوط اداکاری کے ذریعے پیش کیا جاتا ہے، جو ناظرین کو کرداروں سے جوڑ دیتا ہے۔
جب ان سے پسندیدہ پاکستانی ڈراموں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے حالیہ مقبول ڈراموں ”میری زندگی ہے تو“ اور ”کبھی میں کبھی تم“ کا ذکر کیا۔ شہناز گل نے کہا، ”میں نے حال ہی میں ’میری زندگی ہے تو‘ اور ’کبھی میں کبھی تم‘ دیکھا، اور یہ دونوں مجھے بے حد پسند آئے۔“
شہناز گل کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی مداحوں کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا۔ کئی صارفین نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی تعریف کرنے پر اداکارہ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ کچھ مداحوں نے انہیں مزید پاکستانی ڈرامے دیکھنے کی تجاویز بھی دیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ شہناز گل نے پاکستان کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ کہہ چکی ہیں کہ پاکستانی مداح ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور انہیں پاکستان سے ملنے والی محبت اور حمایت پر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے۔
شہناز گل نے بگ باس 13 میں اپنی بے ساختہ شخصیت اور آنجہانی اداکار سدھارتھ شکلا کے ساتھ دوستی کی وجہ سے غیر معمولی شہرت حاصل کی۔
بعد ازاں انہوں نے سلمان خان کی فلم ”کسی کا بھائی کسی کی جان“ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور فلم ’تھینک یو فار کمنگ‘ سمیت مختلف پروجیکٹس، میوزک ویڈیوز اور ٹاک شوز کے ذریعے مداحوں کے دل جیت رہی ہیں۔ آج وہ نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان اور دیگر کئی ممالک میں بھی بڑی تعداد میں مداح رکھتی ہیں۔
















