فلم کی شوٹنگ کے دوران رشمیکا مندانا شدید زخمی

شدید چوٹ کی وجہ سے فلموں کی شوٹنگ کا کام رک گیا ہے۔
شائع 01 اگست 2026 10:00am

بولی ووڈ اداکارہ رشمیکا مندانا ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئی ہیں جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں چھ ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ چوٹ اتنی شدید ہے کہ اس کے باعث ان کی آئندہ فلموں کی شوٹنگ بھی عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ڈانس سین کی شوٹنگ کے دوران ان کے کولہے کے پٹھے کا جوڑ مکمل طور پر الگ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے ڈاکٹروں نے اداکارہ کو مسلسل چھ ہفتوں تک مکمل آرام اور بحالیِ صحت کی تھراپی کروانے کی ہدایت کی ہے۔ اس شدید چوٹ کی وجہ سے ان کی فلموں کی شوٹنگ کا کام فی الحال رک گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ رشمیکا مندانا اپنی آنے والی نئی فلموں ’رن بالی‘ اور ’میسا‘ کے لیے مسلسل سخت قسم کے ایکشن اور ڈانس کے مناظر عکسبند کروا رہی تھیں، جس کی وجہ سے ان کے جسم پر شدید دباؤ پڑا۔

طبی ماہرین نے اس قسم کی شدید چوٹ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی چوٹیں عام افراد میں کم دیکھی جاتی ہے اورعموماً صرف پیشہ ور کھلاڑی ہی اس کا شکار ہوتے ہیں، جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اداکارہ اپنی شوٹنگز کے دوران کس قدر جسمانی تھکاوٹ اور دباؤ کا شکار تھیں۔

ڈاکٹروں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ باقاعدہ علاج اور تھراپی کروائیں تاکہ ان کا پٹھا دوبارہ صحیح طریقے سے جڑ سکے اور وہ ٹھیک ہو کر کام پر واپس آ سکیں۔

طبی ماہرین کے مطابق اس عرصے میں ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جائے گی اور مکمل بحالی کے بعد ہی انہیں دوبارہ شوٹنگ کی اجازت دی جائے گی۔

اداکارہ رشمیکا مندانا نے حال ہی میں اداکار وجے دیوراکونڈا سے شادی کی ہے اور شادی کے بعد انہوں نے اپنی فلم ’میسا‘ کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔

انہوں نے فلم کے سیٹ سے ایک جھلک بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھی۔ اس فلم میں وہ ایک بالکل مختلف اور نڈر کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس فلم کی ہدایت کاری راویندر پولے کر رہے ہیں، جبکہ اسے ان فارمولا فلمز پروڈیوس کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ ان کی دوسری بڑی فلم ’رن بالی‘ کی ستمبر میں نمائش کی تیاری کی جا رہی تھی جس میں وہ اپنے شوہر وجے دیوراکونڈا کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔