آزاد کشمیر اسمبلی انتخابات: مہاجرین کی 12 نشستوں پر کل پولنگ ہوگی، تیاریاں مکمل
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں پر انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت کل (اتوار) ووٹنگ ہوگی۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں پر کل (اتوار) انتخابات ہوں گے، جس کے لیے لاہور سمیت مختلف شہروں میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
لاہور میں رہائش پذیر کشمیری مہاجرین دو نشستوں پر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ اس سلسلے میں آج ریٹرننگ افسران پولنگ عملے میں انتخابی سامان تقسیم کریں گے۔
ایل اے 34 کشمیر ویلی ٹو کے لیے لاہور میں 15 پولنگ اسٹیشن اور 30 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ ایک مردانہ اور ایک زنانہ پولنگ اسٹیشن علیحدہ قائم کیا گیا ہے، جبکہ 13 مشترکہ پولنگ اسٹیشنوں پر مرد اور خواتین ووٹرز ووٹ ڈال سکیں گے۔
اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 5 ہزار 965 ہے، جن میں 3 ہزار 175 مرد اور 2 ہزار 790 خواتین شامل ہیں۔ اس نشست پر 17 امیدوار مدمقابل ہیں۔
اہم امیدواروں میں استحکام پاکستان پارٹی کے بلال مختار بٹ (انتخابی نشان عقاب)، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری عبدالقادر چوہان (انتخابی نشان تیر)، جماعت اسلامی کے راجہ محمد سہیل (انتخابی نشان ترازو) اور مسلم لیگ (ن) کے ناصر حسین ڈار (انتخابی نشان شیر) شامل ہیں۔
دوسری جانب ایل اے 41 ویلی لاہور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 6 ہزار 410 ہے، جن میں 5 ہزار 708 ووٹرز لاہور، 583 شیخوپورہ، 117 ننکانہ صاحب جبکہ قصور میں صرف 2 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
اس حلقے میں 9 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ اور آزاد امیدوار صبا دیوان کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے غلام عباس میر اور استحکام پاکستان پارٹی کے سعید احمد ڈار بھی میدان میں موجود ہیں۔
ایل اے 41 کے لیے مجموعی طور پر 19 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 13 لاہور، 4 شیخوپورہ، جبکہ ننکانہ صاحب اور قصور میں ایک، ایک پولنگ اسٹیشن شامل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ قصور میں صرف دو رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے بھی مکمل پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔
انتخابی حکام کے مطابق پولنگ کل اتوار کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔















