سوات: کبل پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکا، اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید

خود کش حملہ آور نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا: ڈی پی او سوات
اپ ڈیٹ 02 اگست 2026 09:16pm

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں کبل پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 14 افراد شہید اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اتوار کو سوات کی تحصیل کبل میں مقامی امن کمیٹی کے پرامن مظاہرے کے دوران کبل پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 14 افراد شہید جب کہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

شہدا اور زخمیوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار شامل ہیں تاہم متعدد شہری بھی زخمی ہوئے جب کہ زخمیوں کو سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور کا ہدف پولیس تھی تاہم وہ پولیس لائن کے اندر داخل ہونے میں ناکام رہا جب کہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر گنڈا پور نے بتایا کہ خود کش حملہ آور نے پولیس اسٹیشن کبل میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کو روک لیا، جس پر حملہ آور نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ڈی پی او کے مطابق دھماکے کی جگہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، یہ انسانی سر مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین نے بتایا کہ دھماکے کے وقت مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا، جس کی وجہ سے جائے وقوعہ پر لوگوں کی موجودگی زیادہ تھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ واقعے کی نوعیت اور حملہ آور کی شناخت سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے سوات میں کبل پولیس اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی کی دعا کی جب کہ انہوں نے دھماکے میں ہونے والے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کبل پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے جب کہ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی کبل پولیس اسٹیشن پر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہید پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی مکمل اور جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ سوات امن مظاہرے کے دواران بم حملہ افسوسناک ہے، اللہ پاک شہدا کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جائے۔