سوات: کبل پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکا، اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید

خود کش حملہ آور نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا: ڈی پی او سوات
اپ ڈیٹ 02 اگست 2026 08:40pm

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں کبل پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 25 سے زائد 1زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اتوار کو سوات کی تحصیل کبل میں مقامی امن کمیٹی کے پرامن مظاہرے کے دوران کبل پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 9 افراد شہید جب کہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

شہدا اور زخمیوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار شامل ہیں تاہم متعدد شہری بھی زخمی ہوئے جب کہ زخمیوں کو سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور کا ہدف پولیس تھی تاہم وہ پولیس لائن کے اندر داخل ہونے میں ناکام رہا جب کہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر گنڈا پور نے بتایا کہ خود کش حملہ آور پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں نے اسے گیٹ پر ہی روک لیا، جس کے بعد اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ڈی پی او کے مطابق دھماکے کی جگہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، یہ انسانی سر مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین نے بتایا کہ دھماکے کے وقت مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا، جس کی وجہ سے جائے وقوعہ پر لوگوں کی موجودگی زیادہ تھی۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ واقعے کی نوعیت اور حملہ آور کی شناخت سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔