ملک بھر میں پھر بادل برسنے کو تیار، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کب سے کب تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، محکمہ موسمیات نے بتادیا
اپ ڈیٹ 12 اگست 2026 05:52pm

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 13 سے 15 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے، بارش کے باعث مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جب کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کی نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے علاقے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور شگر میں بھی 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک بارش کا امکان ہے۔

بالائی خیبرپختونخوا کے علاقوں دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلیات، بونیر، باجوڑ، مہمند، پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہری پور، کرم اور خیبر میں بھی 12 سے 15 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں مری، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں بھی 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار کے علاقوں میں 13 اگست کی شام یا رات سے 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

اسی طرح سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بھی 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے جنوب مشرقی اور ساحلی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود سے ابرآلود رہنے کی توقع ہے جب کہ تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں 12 اور 13 اگست کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ صوبے کے دیگر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں دیر، چترال، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ہری پور اور ایبٹ آباد سمیت گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورت حال کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں سے متعلق سرگرمیوں کا انتظام کریں اور مویشیوں کی بھی دیکھ بھال کریں۔

ادارے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور ممکنہ ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔