پنجاب میں بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

پی ڈی ایم اے کی دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت
اپ ڈیٹ 13 اگست 2026 11:32am

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 15 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ، بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں بارش متوقع ہے، جبکہ گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔

سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، پاکپتن، خوشاب، لیہ، بھکر اور نورپور تھل میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، گجرات اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔

محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

سیف انور جپہ نے شہریوں سے خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہائش اختیار نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔