اداکار اظفر علی نے تیسری شادی کی تفصیلات پہلی بارشیئر کردیں
پاکستان شوبز کے میزبان، اداکار اور پروڈیوسر اظفر علی نے اپنی تیسری شادی کے بارے میں پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اکتوبر 2025 میں ردا زہرا نامی خاتون سے شادی کی تھی۔ اظفر علی نے اپنی نئی ازدواجی زندگی اور رشتوں کے بارے میں اپنی سوچ میں آنے والی تبدیلی پر بھی بات کی۔
حال ہی میں اظفر علی نےنجی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی تیسری شادی سے متعلق تفصیلات شیئر کیں اور اہلیہ کے ساتھ تصاویر بھی مداحوں کو دکھائیں۔
اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اظفر علی نے کہا، ’میں نے ابھی تک کیمرے پر یہ بات نہیں بتائی تھی، لیکن میری شادی کو کچھ وقت ہوچکا ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں میری تیسری شادی ہوئی اور یہ میرے لیے ایک بہت اچھا تجربہ تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ان کی تیسری شادی پسند کی نہیں بلکہ ارینج میرج ہے۔ اظفر علی کے مطابق وہ دوبارہ شادی کرنے میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے تھے، تاہم ان کی بہنیں انہیں شادی کے لیے مسلسل کہتی رہیں۔
اظفر علی نے بتایا، یہ ایک ارینج میرج تھی۔ میری بہنیں میرے پیچھے پڑی ہوئی تھیں کیونکہ میں شادی میں دلچسپی نہیں رکھتا تھا۔ پھر میری بہن نے ایک رشتہ کروایا۔’

اداکار کے مطابق ان کی اہلیہ ردا زہرا دبئی میں رہتی تھیں اور وہاں ایک کمپنی میں ایچ آر کی ہیڈ تھیں۔ اظفر علی نے بتایا کہ شادی سے پہلے انہوں نے ردا سے کہا کہ وہ پاکستان منتقل ہو جائیں کیونکہ وہ خود دبئی میں مستقل طور پر رہائش اختیار نہیں کر سکتے۔
اظفر علی کے مطابق شادی سے پہلے ہم نے چھ ماہ تک اپس میں بات چیت کی اور پھر اکتوبر میں ہماری شادی ہو گئی۔
اپنی شخصیت اور رشتوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے اظفر علی نے کہا کہ وقت اور زندگی کے تجربات نے انہیں بہت بدل دیا ہے۔ ان کے مطابق دوسری طلاق کو تقریباً 12 سال گزر چکے ہیں اور اب وہ پہلے کی نسبت زیادہ بردبار اور رشتوں کو سمجھنے والے انسان بن چکے ہیں۔
اظفر علی نے کہا، ’میں اپنی اہلیہ پر کوئی چیز زبردستی نہیں مسلط کرتا۔ پہلے میں صرف اپنے کام پر توجہ دیتا تھا اور لیکن اب میں اپنی ذاتی زندگی پر بھی توجہ دے رہا ہوں۔‘
شادی کو منظرِ عام پر نہ لانے کی وجہ بتاتے ہوئے اظفر علی نے کہا کہ ان کی اہلیہ ردا کو سوشل میڈیا میں زیادہ دلچسپی نہیں اور وہ خود بھی اسے زیادہ استعمال نہیں کرتیں۔ اسی وجہ سے وہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ خبریں سامنے آنے کو پسند نہیں کرتیں اور شادی کو بھی میڈیا سے دور رکھا گیا۔
واضح رہے کہ اظفر علی کی پہلی شادی اداکارہ سلمیٰ حسن سے ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی دوسری شادی ’ہم سفر‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ نوین نقوی سے ہوئی۔ تاہم دوسری شادی بھی زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی اور دونوں الگ ہوگئے۔
اظفر علی کو ’سب سیٹ ہے‘، ’شاہ رخ کی سالیاں‘ اور ’اب بجائے شہنائی‘ جیسے ڈراموں کے ساتھ ساتھ ’اظفر منی شو‘ کی میزبانی کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔ وہ معروف میزبان تابش ہاشمی کو متعارف کرانے کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔















