79ویں یومِ آزادی کے موقع پر افواجِ پاکستان کی قوم کو مبارک باد

افواجِ پاکستان کے سربراہان نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ آزادی کے تمام اکابرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا
شائع 14 اگست 2026 09:27am

پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ آزادی کے تمام اکابرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور بانیانِ پاکستان کا وژن، عزم اور حوصلہ آج بھی پاکستانی قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

مسلح افواج نے پاکستان کی آزادی کو حقیقت کا روپ دینے والے تمام شہداء اور قربانیاں دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں نے ملک کی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک کے محبِ وطن افراد کی خدمات کا بھی اعتراف کیا اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مسلح افواج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئین کی پاسداری اور قوم کی جانب سے سونپی گئی مقدس ذمہ داری کو پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی قوم کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔ یومِ آزادی کے موقع پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید کا عزم کیا گیا ہے۔

مسلح افواج نے کہا کہ پاکستان کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے اور قومی یکجہتی ہی ملک کی مضبوطی کی بنیاد ہے۔