یومِ آزادی پر شوبز فنکاروں کے پیغامات، خوشی کے ساتھ مایوسی بھی

'صرف جھنڈیاں لہرانا کافی نہیں، اب جاگنے کا وقت ہے'، شوبز اداکار
شائع 14 اگست 2026 04:02pm

پاکستان میں 14 اگست کا دن ہر سال جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ لوگ گھروں، سڑکوں اور بازاروں کو سبز ہلالی پرچموں سے سجاتے ہیں اور آزادی کی خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ اس موقع پر جہاں ملک بھر میں جشنِ آزادی منایا جا رہا ہے، وہیں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی متعدد معروف شخصیات نے خوشی کے اس موقع پر اپنے غم اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

بڑھتی ہوئی مہنگائی، امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور معصوم بچوں کے ساتھ پیش آنے والے تشدد کے دردناک واقعات کی وجہ سے کئی فنکاروں کے دل رنجیدہ ہیں اور انہوں نے اپنے پیغامات میں آزادی کے حقیقی روح کی کمی کو شدت سے محسوس کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی شوبز شخصیات نے یومِ آزادی کے موقع پر صرف مبارکباد دینے کے بجائے اپنے دل کی بات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

موجودہ حالات اور سیکیورٹی کی معروضاتی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اداکاروں نے کہا کہ جب عام شہری بنیادی حقوق اور تحفظ کے لیے ترپ رہا ہو، تو جشن کی چمک ماند پڑ جاتی ہے۔

اداکارہ زارا نور عباس نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انہیں اپنے ملک کی موجودہ صورتحال سے کئی گلے شکوے ہیں، لیکن ہمیں اپنے آباؤ اجداد اور پرانی نسل کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیے اور ان کی یاد کو لازمی بنانا چاہیے۔ ان کے پیغام میں موجودہ حالات پر دکھ کے ساتھ ماضی کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا جذبہ بھی نظر آیا۔

دوسری جانب اداکارہ سونیا حسین نے قوم کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا کہ صرف جھنڈیاں لہرانا کافی نہیں، بلکہ اس یومِ آزادی پر ہر شہری کو اپنے حق اور ملک کی بہتری کے لیے خود قائم ہونا اور آواز اٹھانا ہو گا۔ ان کا پیغام اس بات کی طرف توجہ دلاتا ہے کہ آزادی کی قدر صرف تقریبات اور نعروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا بھی ضروری ہے۔

اداکارہ دُرفشاں سلیم نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک سے نہیں بلکہ یہاں کے ٹوٹے ہوئے نظام، ناانصافی اور ان مشکلات سے دکھ ہوتا ہے جو عوام کی زندگی کو مشکل بنا رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایسا ملک بنے جہاں ہر شہری عزت، امن اور امید کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے معروف اداکار اسامہ خان نے شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی اپنے ملک کے آئین اور قانون کا احترام نہیں کرتے۔ اگر ہم واقعی آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو ہمیں آئین پر عمل کرنا ہو گا اور اس کو پامال کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دینی ہو گی۔

اداکار شجاع اسد نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہر حال میں ان کا گھر، سرزمین اور ان کی شناخت کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات سے مایوسی ضرور ہوسکتی ہے، لیکن ملک سے محبت کسی بھی حکومت یا مشکل دور سے کہیں زیادہ بڑی ہے۔ شجاع اسد نے اپنے لوگوں اور اس پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا جسے سب مل کر بہتر بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے علامہ اقبالؒ کے شعر کا بھی حوالہ دیا۔ شجاع اسد نے دعا کی کہ قوم کو ایسا پاکستان بنانے کے لیے ہمت، اتحاد اور اچھی قیادت نصیب ہو جس کا سب خواب دیکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام ”پاکستان زندہ باد“ کے نعرے سے کیا اور قائداعظمؒ کے انداز کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

پاکستان کے ممتاز فنکاروں کا ماننا ہے کہ ملک کی حقیقی آزادی تبھی مکمل ہو گی جب یہاں کا ہر شہری محفوظ، خوشحال اور قانون کی نظر میں برابر ہو گا۔