میسی کے والد کا انتقال: رونالڈو کے جذباتی پیغام نے انسٹاگرام پر نیا ریکارڈ بنا دیا

میدان میں حریف، مگر دکھ کی گھڑی میں رونالڈو کے ہمدردی کے الفاظ نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔
اپ ڈیٹ 15 اگست 2026 02:03pm

فٹبال کی دنیا میں کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کئی برس تک ایک دوسرے کے بڑے حریف رہے ہیں، لیکن میسی کے والد کے انتقال پر رونالڈو کے ایک مختصر تعزیتی پیغام نے دونوں کے درمیان انسانی ہمدردی کی ایک خوبصورت مثال پیش کی ہے۔

لیونل میسی نے اپنے والد جارج میسی کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔ اس پوسٹ پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات آئے، جن میں کرسٹیانو رونالڈو کا پیغام بھی شامل تھا۔

رونالڈو نے میسی سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اس مشکل وقت میں وہ میسی اور چاہنے والوں کے لیے انکی طرف سے ایک بھرپور گلے لگانے کا پیغام انہیں ہمت رکھنے کا حوصلہ دیا۔

رونالڈو کا یہ مختصر پیغام دیکھتے ہی دیکھتے انسٹاگرام پر غیر معمولی مقبول ہو گیا اور پوسٹ کیے جانے کے تین دن سے بھی کم وقت میں اس تبصرے کو 64 لاکھ سے زیادہ لائکس مل چکے تھے، جس کے بعد یہ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا تبصرہ بن گیا۔

خاص بات یہ ہے کہ اس سے پہلے بھی انسٹاگرام پر سب سے زیادہ لائکس حاصل کرنے والے تبصرے کا ریکارڈ رونالڈو ہی کے پاس تھا۔ انہوں نے 2024 میں کیلیان ایمباپے کے ریال میڈرڈ منتقل ہونے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ایک تبصرہ کیا تھا۔ وہ تبصرہ 2025 کے آخر میں 60 لاکھ لائکس سے تجاوز کر گیا تھا۔

میسی نے بدھ کے روز اپنے والد جارج میسی کو یاد کرتے ہوئے ایک تفصیلی پیغام لکھا۔ جارج میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

اپنے پیغام میں میسی نے کہا کہ انہیں اب بھی یقین نہیں آ رہا کہ ان کے والد دنیا میں نہیں رہے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ تصور کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہے کہ اب وہ اپنے والد کو دیکھ نہیں سکیں گے اور نہ ہی ان سے بات کر سکیں گے۔

میسی نے بتایا کہ وہ جانتے تھے کہ ان کے والد تکلیف میں تھے اور ان کی حالت خراب ہو رہی تھی، لیکن اس کے باوجود انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ بہت جلد دنیا سے چلے گئے۔ ان کے مطابق، دونوں کے پاس اب بھی ایک ساتھ بہت کچھ کرنے اور خوشیاں منانے کا وقت تھا۔

میسی نے اپنے آخری ورلڈ کپ کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد ان سے مسلسل ورلڈ کپ میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے تھے، لیکن ٹورنامنٹ شروع ہونے سے چند روز پہلے ان کی طبیعت مزید خراب ہو گئی۔ میسی کے لیے یہ پہلا موقع تھا جب ان کے والد کسی ورلڈ کپ میں ان کے ساتھ موجود نہیں تھے۔

اپنے والد کی موت کے بعد میسی نے فٹبال کے مستقبل کے بارے میں بھی غیر یقینی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ والد کے بغیر زندگی کیسے آگے بڑھے گی اور اب ان کے ذہن میں یہ سوال بھی ہے کہ وہ مزید کتنے عرصے تک فٹبال کھیلیں گے۔

رونالڈو اور میسی کے درمیان فٹبال کی دنیا میں طویل عرصے تک مقابلہ رہا ہے۔ دونوں نے اپنے کیریئر میں بے شمار کامیابیاں حاصل کیں اور ان کی رقابت عالمی کھیل کا ایک اہم موضوع رہی۔ تاہم، میسی کے ذاتی غم کے موقع پر رونالڈو کا یہ پیغام اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ میدان میں حریف ہونے کے باوجود مشکل وقت میں ہمدردی اور انسانی تعلق اپنی جگہ رکھتے ہیں۔