عمرہ زائرین اور ورکرز کے لیے پاکستانی سفارت خانے کی اہم ہدایات

سفارت خانے کے پیغام میں خاص طور پر بھیک مانگنے سے گریز کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
شائع 17 اگست 2026 09:22am

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے سعودی عرب آنے والے پاکستانی عمرہ زائرین اور ورکرز کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے سعودی قوانین کی سختی سے پابندی کرنے، بھیک مانگنے سمیت کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے گریز کرنے اور اپنے قیام کے دوران ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔

سفارت خانے نے اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی شہریوں کو سعودی عرب میں قیام کے دوران ویزے کی شرائط کی پابندی، مقررہ مدت سے زائد قیام سے گریز اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

جاری کیے گئے پیغام میں گرفتاری، تفتیش، حراست اور ملک بدری کے مناظر کے ذریعے سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے ممکنہ نتائج سے آگاہ کیا گیا ہے۔

اس پیغام میں خاص طور پر گداگری یعنی بھیک مانگنے جیسی سرگرمیوں سے مکمل طور پر دور رہنے پر زور دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت گداگری اور دیگر غیر قانونی کاموں کے خلاف انتہائی سخت پالیسی رکھتی ہے۔ ایسی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے افراد کو نہ صرف سخت سزاؤں اور قید کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس سے بیرونِ ملک پاکستان اور پاکستانی قوم کا وقار اور امیج بھی بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری ویڈیو میں عمرہ زائرین کو مقدس مقامات کے احترام، سعودی قوانین کی پاسداری اور اپنے قیام کے دوران ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔

سفارت خانے کے اس پیغام پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی مختلف ردعمل کا اظہار کیا اور سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کی جانب سے بھیک مانگنے کے واقعات پر افسوس اور تشویش کا اظہاربھی کیا ہے۔