موٹرسائیکل ٹیکسی سروس اب پاکستان میں بھی

شائع 08 ستمبر 2016 06:35am
فائل فوٹو فائل فوٹو

پاکستان میں پہلی مرتبہ موٹرسائیکل ٹیکسی سروس کا آغاز ہوا ہے۔ ’کارگر‘ نامی اس موٹرسائیکل ٹیکسی سروس کا آغاز ابتدائی طور پر پاکستان کے دو شہروں راولپنڈی اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے درمیان کیا گیا ہے۔

بی بی سی اردو کے مطابق 'کارگر'کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فاران احمد نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے گریجویٹ اور سافٹ وئیر ڈیزائنر ہیں، یہ پروجیکٹ اسی یونیورسٹی کے چند طلبہ کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

’کارگر‘ کا آغاز ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان میں ’اُوبر‘ اور ’کریم‘ جیسی آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کام کر رہی ہیں مگر ’کارگر‘ کے فاران احمد کا کہنا ہے کہ اُن کی یہ سروس ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ مسافروں کی جیب پر بھاری بھی نہیں پڑتی۔

’کارگر‘ کا استعمال خاصا آسان ہے اسے ایک آن لائن ایپ کی مدد سے موٹرسائیکل ٹیکسی کو اُس مقام پر بُلا سکتے ہیں جہاں آپ موجود ہوں۔

بی بی سی اردو سے منسلک صحافی عبید ملک سے بات کرتے ہوئے کمپنی کے مالک کا کہنا تھا کہ کارگر 15 روپے ایک کلومیٹر کا کرایہ اور 20 روپے سروس چارجز وصول کرتی ہےاور مسافر کی سہولت اور اُن کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے اُنھیں ہیلمٹ، بارش کی صورت میں رین کوٹ اور موبائل چارج کرنے کے لیے ایک پورٹ ایبل بیٹری بھی فراہم کی جاتی ہے۔

بشکریہ: بی بی سی اردو