سی پیک سابق صدر زرداری کا منصوبہ قرار
File Photoکراچی : پیپلزپارٹی نے سی پیک کو سابق صدر آصف علی زرداری کا منصوبہ قرار دے دیااورسی پیک کی کامیابی کے لیے مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے گوادرپورٹ کوچین کے سپرد کرکے سی پیک کی بنیاد رکھی۔
پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے سربراہ آصف علی زرداری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، سی پیک پاناما لیکس اور حکومت مخالف تحریک سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
اجلاس میں اتفاق ہوا کہ سی پیک میں سندھ کے زیادہ سے زیادہ منصوبے شامل کرانے کے لیے جدوجہد کی جائے گی۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سی پیک پر ہم سیاست نہیں بلکہ اسکی کامیابی کے لیے کوشش کریں گے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سی پیک کی بنیاد آصف زرداری نے رکھی، ایسا اکثر ہوتا ہے کہ بنیاد کوئی رکھتا ہے اور افتتاح کوئی اور کرتا ہے۔
سابق صدرنے پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کوہدایت کی کہ وہ سی پیک کی کامیابی کے لیے اپنا کردارادا کریں،یہ ایک سڑک کا نہیں بلکہ سی پیک صوبہ سندھ ، پاکستان اورپورے خطے کا مستقبل ہے۔












اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔