ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری،بارش سے موسم مزید سرد
فائل فوٹواسلام آباد: پاکستان کے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا۔ملک کے مختلف علاقوں میں جمعرات کو تیسرے روز بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
سوات، گلگت، غذر، استور اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں برفباری نے معمولات زندگی کو بری طرح نقصان پہنچایا ہےجہاں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھی وہیں بالائی علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز کی بونداباندی نے سردی کی لہر میں اضافہ کر دیا، متعدد علاقے اب بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
ساہیوال، میاں چنوں، خانیوال، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ملتان دھند چھائی رہی اور کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہوگئی، دھند کے باعث موٹر وے ایم تھری اور ایم فور کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ 24گھنٹے کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، فاٹا، راولپنڈی، گوجرنوالا، سرگودھا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔












اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔