Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  
Live
turkiye

صدر مملکت نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف کو نشان امتیاز ملٹری سے نواز دیا

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ترک سرمایہ کار وفد کی ملاقات
شائع 19 اپريل 2024 07:59pm

صدر مملکت نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف کو نشان امتیاز ملٹری سے نواز دیا ۔ جنرل میٹن گوراک کو نشان امتیاز ملٹری دینے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترک فوج کے سربراہ کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا۔

تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا و دیگر اعلی فوجی افسران ،سیاسی رہنماؤں کے علاوہ پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں نے شرکت کی ۔۔

صدرزرداری سےترکیہ کےچیف آف جنرل اسٹاف سے ملاقات میں پاکستان اورترکیہ کےدرمیان ریلوےروابط بڑھانےکی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ روڈاورریلوے روابط سےعوامی روابط میں اضافہ ہوگا، زمینی ٹرانسپورٹ سےدونوں ممالک کے درمیان روابط مزید بڑھیں گے۔

صدر مملکت نے ادب اورشاعری کے شعبوں میں دوطرفہ ثقافتی تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ کہا کہ ثقافتی تبادلوں میں اضافے سے دونوں برادر ممالک مزید قریب آئیں گے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ترک سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو صدیوں پر محیط ہیں، ترک وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان ترکیہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ اور تجارتی شراکت داری کی مزید مضبوطی کا خواہاں ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کی موجود استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے نظام میں اصلاحات کی گئی ہیں۔

ملاقات میں وفاقی وزراء محمد اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احد خان چیمہ، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل، ترکیہ کے پاکستان میں سفیر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی، وفد نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی ائیرپورٹس میں ترکیہ کی کمپنی نے دلچسپی ظاہر کر دی

ترکیہ کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات، نیدرلینڈز، قطر نے بھی دلچسپی ظاہر کی
شائع 18 اپريل 2024 10:28pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے ترکیہ نے دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے، اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پاکستان کے بڑے ائیرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلئے ترکیہ نے دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔ ترکیہ کے وفد کو سول ایوی ایشن کی ٹیم کل اسلام آباد میں بریفنگ دے گی۔

ترکیہ کے وفد سے کل ہونے والی اجلاس سے قبل سی اے اے نے تیاری مکمل کرلیں۔

ترکیہ سے متعلق دلچسپی کے بارے میں سول ایوی ایشن حکام کی جانب ڈی جی سی اے اے کو بریفنگ دی گئی تھی۔

جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ترکیہ کے وفد کو بھی اسلام آباد کے ائیرپورٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے۔

جبکہ اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ پر متحدہ عرب امارات، ترکیہ، نیدرلینڈز، قطر کی جانب سے دلچسپی ظاہر کی گئی تھی۔

تاہم ترکیہ کے استنبول ائیرپورٹ کو چلانے والے ٹی اے او گروپ کی جانب سے دلچسپی ظاہر کی گئی تھی، ساتھ ہی ائیر عربیہ اور یو اے ای انویسٹمنٹ نے بھی دلچسپی ظاہر کی۔

ترکیہ میں کیبل کار کی کیبن کو حادثہ ، ایک شخص ہلا ک، 10 زخمی

7 ہیلی کاپٹر اور 500 سے زیادہ امدادی کارکن امدادی کارروائیوں میں مصروف
شائع 13 اپريل 2024 09:38pm

ترکیہ کے جنوبی صوبے اناطولیہ میں کیبل کار کی کیبن ٹوٹے ہوئے کھمبے سے ٹکرا گئی ، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 10 افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی 48سے زیادہ لوگ اب بھی ہوا میں معلق ہیں البتہ 128 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق جن لوگوں کو بچایا جانا باقی ہے ان میں سے کسی کو بھی شدید چوٹیں نہیں آئیں اور نہ ہی ان کی صحت خراب ہے۔ جبکہ سوشل میڈیا کے مطابق 7 ہیلی کاپٹر اور 500 سے زیادہ امدادی کارکن امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں ریسکیو اہلکاروں کو حفاظتی رسیوں سے بندھے کیبنوں میں چڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق کیبل کار میں 36 کیبن ہیں جن میں سے ہر ایک میں چھ افراد کی گنجائش ہے، واضح رہے کہ افسوس ناک واقعہ جمعہ کی شام 5بجکر 23 منٹ پر حادثہ پیش آیا تھا حادثہ کے وقت 24 کیبن کار ہوا میں معلق تھیں ۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور عالمی رہنماؤں میں رابطے، عید کی مبارکباد

دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق
اپ ڈیٹ 10 اپريل 2024 06:48pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

وزیرِ اعظم شہباز شریف اور عالمی رہنماؤں میں ٹیلی فونک رابطے ہوئے ہیں۔ جس میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ کو فون کرکے عید کی مبارکباد دی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مختلف شعبوں میں دوطرفہ باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے بحرین کے بادشاہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو بھی عید کی مبارک باد دی۔ دونوں رہنماؤں نے معیشت اور تجارت کے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر سے بھی بات کی، اور عید الفطر کے پر مسرت موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے قریبی ثقافتی اور مذہبی تعلقات کو سراہا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا گزشتہ روز قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں انہوں نے امیر قطر کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کی خوشحالی کے لیےدعا کرتے ہوئے تعلقات کو گہرا اور مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ٹیلی فونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور عید الفطر کی مبارک کے ساتھ خیر سگالی کا پیغام دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان کی برکتیں دونوں ممالک، امت کیلئے امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کا باعث بنیں گی۔

وزیراعظم نے اپنے انتخاب کے موقع پرملائیشیاء کے وزیرِاعظم کے تہنیتی پیغام کا بھی ذکر کیا اور اپنے ہم منصب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اسرائیل سے متعلق نرم پالیسی صدر اردگان کو الیکشن میں لے ڈوبی

صدر اردگان اپنے ووٹرز کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اسرائیل سے متعلق سخت پالیسی اپنا سکتے ہیں
شائع 07 اپريل 2024 04:42pm

ترکیہ میں حال ہی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات نے جہاں صدر رجب طیب اردگان کے لیے مشکل کھڑی کر دی ہے، وہیں اب ماہرین ان کی ہار ایک وجہ اسرائیل سے متعلق ’نرم پالیسی‘ کو قرار دے رہے ہیں۔

اس شکست کی اگرچہ کئی دیگر وجوہات بھی سامنے آ رہی ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق ایک بڑی وجہ اسرائیل کے ساتھ تجارت ہے۔

الیکشن کی مہم کے دوران بھی کچھ ایسے پوسٹرز اور بینرز دیکھے گئے تھے، جن میں لکھا تھا ’اسرائیل کے ساتھ تجارت کی شرم ختم کرو‘۔

تاہم اس پوسٹر کو سیکیورٹی اہلکار نے فورا ہٹا دیا تھا، جبکہ صدر اردگان نے اُس پوسٹر پر یا تودھیان نہ دیا یا وہ ان کی نظر سے نہیں گزرا۔

ترکش ماہرین کے مطابق اسرائیل کے ساتھ تجارت ہی صرف وجہ نہیں تھی، تاہم یہ ایک اہم فیکٹر تھا، جس کے باعث سیاسی مخالفین نے اسے خوب استعمال کیا۔

منگل کے روز صدر اردگان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے، غزہ بحران جیسے مسئلے پر، جس پر ہم نے سب کچھ کیا اور اس کی سزا بھی بھگتی، ہم اس پر سیاسی حملے روکنے اور کچھ لوگوں کو قائل کرنے میں ناکام ہو گئے۔

واضح رہے اس سے قبل جس طرح پاکستان میں سوشل میڈیا پر جس طرح صحافی اور کچھ تجزیہ کار اپنی معلومات کی بنا پر سب کی توجہ خوب سمیٹ رہے تھے۔

بالکل اسی طرح ترکیہ سے تعلق رکھنے والے صحافی متین چیہان جو کہ جرمنی میں سیاسی پناہ لیے ہوئے ہیں، ایکس پر کئی مرتبہ ترکیہ کی اسرائیل سے خفیہ اور عام تجارت کے حوالےسے لکھ چکے ہیں۔

اپنے ایک پوسٹ میں صحافی نے لکھا کہ اسرائیل کی جارحیت جاری ہے، اسی دوران میں نے ایک لسٹ تیار کی ہے، جس میں ترکیہ سے اسرائیل جانے والے بحری جہازوں سے متعلق معلومات شامل ہیں۔

ہمارے پورٹ سے اسرائیل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر 7 جہاز نکل رہے ہیں، جبکہ ایک 13 جہاز بھی گئے۔

متین چیہان کے پوسٹ کی ریچ لاکھوں صارفین تک جا رہی ہے، جس کے باعث وہ مقبول ہو رہے ہیں۔ صحافی نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کو کروڈ آئل، فیول، آئرن، اسٹیل کی فراہمی ہمارے پورٹس کے ذریعے ہی کی جا رہی ہے۔

جبکہ صحافی متین نے انکشاف کیا کہ انقرہ نے پرائیوٹ کمپنی کے ذریعے شکاری کے سامان کی فروخت کی اجازت دے رہا ہے۔

ایک ایسے ہی بحری جہاز سے متعلق صحافی نے انکشاف کیا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ ہاتے رو رو شپ کا مالک کون ہے؟ جو کہ اس وقت اسرائیلی پورٹ حیفا پر موجود ہے؟

13 نومبر کو صحافی نے یہ سوال پوچھا، جس پر 7 اکتوبر کو دوبارہ پوسٹ کرتے ہوئے خود جواب دیا کہ یہ جہاز اے کے پارٹی یعنی صدر اردگان کی پارٹی کے ہاتے کے میٹروپولیٹن مئیر کے امیدوار ابراہیم گولیر کی ہے۔

تاہم مئیر امیدوار نے بعدازاں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب وہ شب انہوں نے بیچ دی ہے۔ سیاسی ماہر احمد توران ہان کا کہنا تھا کہ انقرہ کی اسرائیل سے جاری تجارت نے نظریاتی اور مذہبی ووٹر کو سابق اتحادی جماعت نیو ویلفئیر پارٹی نے اپنی جانب کھینچ لیا ہے۔

نیو ویلفئیر پارٹی کا مذہبی نظریہ اور اسرائیل مخالف موقف مذہبی ووٹرز کو اپنی جانب کامیابی کے ساتھ کھینچ رہا ہے۔

دوسری جانب وزیر تجارت ترکیہ عمر بولات کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ پبلک اور سرکاری ادارے اور کمپنیاں اسرائیل کے ساتھ تجارت نہیں کریں گی، تاہم صحافی متین چیہان نے انکشاف کیا کہ سرکاری ویلتھ فنڈ کا ادارہ ایتی میدن نے حال ہی میں یکم اپریل کو 21 ٹن پاؤڈرڈ بوریک ایسیڈ اسرائیلی کمپنی فرٹیلائزرز اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ کو بھیجا ہے، جو کہ اسرائیل میں مختلف کیمیکلز بناتی ہے۔

اسی خبر کو نیو ویلفئیر پارٹی کے رہنما فتح ایربکان نے بھی شئیر کر دیا جو کہ ایک وقت تھا اردگان کے کافی قریبی تھے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر اردگان پر اسرائیل سے متعلق پالیسی تبدیل کرنے کا عوامی دباؤ ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں اسرائیل سے تجارت کے حوالے سے کئی پابندیاں اور سختیاں بھی دیکھنے میں آ سکتی ہیں۔

صدر اردگان کی جانب سے ووٹرز کو دور ہونے سے روکنے کے لیے یہ قدم اٹھایا جا سکتا ہے۔

صدر زرداری اور ترکیہ کے ہم منصب میں رابطہ، رجب طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت

صدر مملکت کی رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک گفتگو ، عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد دی
شائع 07 اپريل 2024 10:28am
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

صدر مملکت آصف زرداری کی ترک صدر سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے جس میں انھوں نے ترکیہ کے ہم منصب رجب طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔

دونوں صدور کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی صدر اور ترکیہ کے ہم منصب نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے ترکیہ صدر کو عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد بھی دی۔ رجب طیب اردوان اور ترکیہ عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

استنبول کے نائٹ کلب میں لگنے والی آگ 29 جانیں نگل گئی

ھادثے میں 8 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 7 کی حالت تشویش ناک ہے
شائع 02 اپريل 2024 07:32pm

ترکیہ کے شہر استنبول کے ایک نائٹ کلب میں دن کے وقت مرمت کے کام کے دوران لگنے والی آگ میں کم از کم 29 افراد مارے گئے۔

ترکیہ کے سرکاری میڈیا کے مطابق استنبول گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حادثے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے سات کی حالت تشویش ناک ہے۔

گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آگ شہر کے یورپی حصے میں وسطی استنبول کے بیسیکتاس ضلع میں شروع لگی اور مارے جانے والے تمام افراد تعمیراتی کارکن تھے۔

ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ”انادولو“ کا کہنا ہے کہ آگ زیر زمین واقع اس جگہ پر تزئین و آرائش کے دوران لگی۔

ترکیہ کے وزیر انصاف یلماز تنک نے ”ایکس“ پر لکھا کہ حادثے کے حوالے سے پانچ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، جن میں تین افراد وہ شامل ہیں جو نائٹ کلب کا انتظام سنبھالتے تھے، ایک تزئین و آرائش کا ذمہ دار تھا۔

انہوں نے کہا کہ سائٹ کے معائنے اور شواہد جمع کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اور پیشہ ورانہ حفاظت اور آگ میں مہارت رکھنے والے تین ماہرین کی ایک ٹیم بھی آگ لگنے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترکیہ کی ’تحریک لبیک‘ صدر اردگان کی الیکشن میں شکست کی بڑی ذمہ دار

صدر اردگان کے اتحادیوں نے الگ ہونے کا فیصلہ کیا، جو تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا
اپ ڈیٹ 01 اپريل 2024 06:15pm

حال ہی میں ترکیہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے جہاں دنیا بھر کو حیران کیا وہیں، اب ترکیہ کی سیاسی صورتحال بھی بدلنے کے دہانے پر دکھائی دے رہی ہے، جہاں صدر اردگان کے مقابلے میں نئی دائیں بازو والی سیاسی جماعت مقبول ہوتی جا رہی ہے۔

ترکیہ میں گذشتہ برسوں کے دوران 6 جماعتی اتحاد ’سی ایچ پی‘ صدر اردگان کو اقتدار سے ہٹانے میں ناکام رہا تھا۔

کردوں کی حامی سیاسی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، نینشلسٹ IYI پارٹی نے اپنے امیدوار میدان میں اتارے تھے، جو اردگان کے مقابلے میں ہار گئے تھے۔ اس بار ان اپوزیشن جماعتوں نے اپنی غلطیوں سے سیکھا ہے اور حکمران جماعت کی سیاسی کمزوریوں کا بھی فائدہ اٹھایا ہے۔

تاہم اردگان کی جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان سیاسی منظر نامے پر ابھرنے والی نئی سیاسی جماعت ’نیو ویلفئیر پارٹی‘ نے پہنچایا ہے۔

اس جماعت میں جو لوگ شامل تھے وہ ماضی میں اردگان کے اتحادی تھے لیکن ہم اب یہ اتحاد ختم ہو چکا ہے۔

اگرچہ اردگان کی پارٹی بھی ایک قدامت پسند اسلامی پارٹی ہے، تاہم نیو ویلفئیر پارٹی اس حوالے سے جارحانہ بیانیہ رکھتی ہے۔

اسے یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں جہاں مسلم لیگ ن دائیں بازو کی جماعت تھی لیکن لیکن تحریک لبیک پاکستان اس کے مقابلے میں زیادہ دائیں بازو کی جماعت ثابت ہوئی اور اس کا ووٹ بینک کھا گئی۔

نیو ویلفئیر پارٹی کے سربراہ محمد علی فاتح ایربکان سابق صدر نجم الدین اربکان کے صاحبزادے ہیں۔ وہی نجم الدین اربکان جو ترکی میں سیکولر قوتوں کے خلاف پیش پیش تھے اور جن کے پیروکار کے طور پر اردگان سیاسی افق پر ابھرے۔

اربکان ترکیہ کے اسلامی لیڈران میں شمار کیے جاتے ہیں۔ اردگان کی حکمران جماعت بھی انہیں کئی مواقع پر ترکیہ کا فخر قرار دے چکی ہے۔

لیکن اب نیو ویلفیئر پارٹی نے خود اربکان کی وارثت سنبھال لی ہے اور اردگان کم مستند اسلام پسند رہ گئے ہیں۔

تحریک لبیک سے نیو ویلفیئر پارٹی کا موازنہ اس لیے بھی بنتا ہے کہ چند ماہ قبل جب سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تو نیو ویلفیئر پارٹی نے استنبول میں سوئیڈش قونصل خانے کے سامنے مظاہرہ کیا۔

صدر اردگان کی ناکامی کی دوسری وجہ ترکی کا معاشی بحران بحران ہے۔

گزشتہ سال ترکیہ کے سینٹرل بینک نے ایک بار پھر سود کے ریٹ کو دُگنا بڑھا دیا تھا، یہ وہی وقت تھا جب ترکیہ کے کئی علاقے سیلابی صورتحال سے دوچار تھے، جو مالی اور جانی نقصان کا باعث بنی۔

جبکہ گزشتہ سال آنے والے آفت زدہ زلزلے نے بھی ترکیہ کی معیشت کی کمر توڑ دی تھی، جس میں 50 ہزار سے زائد اموات ہوئی تھیں، جس کے بعد ترکیہ میں دنیا بھر سے امداد کا سلسلہ شروع ہوا تھا، ماہرین کے مطابق سیلاب میں ہلاک ہونے والے 6 ہزار سے زائد شہریوں اور نقصان کے باعث حکمران جماعت کی مقبولیت میں کمی آئی۔

ایک تیسری وجہ یہ بھی ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے مضبوط امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا تھا، اکرام اماموغولو کو استنبول سے لڑ رہے تھے، جوکہ استنبول کے مئیر بھی رہ چکے ہیں۔

اسی طرح انقرہ سے منصور یاواس، جو کہ وکیل بھی ہیں اور مئیر انقرہ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر یہی دو مضبوط امیدوار گزشتہ انتخابات میں اردگان کی پارٹی کے مدمقابل لڑتے تو مقابلہ کانٹے دار ہونے کا امکان ہوتا۔

بڑھتی ہوئی مہنگائی، خوش فہمی، معمولی امیدروار، ناکام سیاسی مہم نے اردگان کی ہار میں اہم کرادار ادا کیا، اس سب میں سابق سیاسی اتحادی (نیو یلفئیر پارٹی) نے بھی راہیں جُدا کر لیں اور اتحاد ختم کر کے الیکشن لڑنے کے لیے اپنے امیدوار اتارے، جو کہ تابوت میں آخری کیل ثابت ہو رہی ہے۔

جبکہ سیاسی ماہرین کا خیال ہے، کہ قدرتی اور معاشی چیلنجز کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل اب ایک نئے چہرے کو دیکھنا چاہتی ہے.

لیکن اس سب میں اردگان ایک اسلامی قانون لانے کے لیے پُر امید تھے جو کہ فیملی ویلیوز کو ملحوظ خاطر رکھتا ہے، تاہم اب ان کے پاس اس نئے قانون کو لانے کے لیے اکثریت دکھائی نہیں دے رہیہے۔

اس کے لیے انہیں مذہبی اثر و رسوخ رکھنے والی سیاسی جماعتوں کی حمایت لازمی ہوگی۔

دپیکا اور ہریتک کے ساتھ کام کی خواہشمند مقبول تُرک اداکارہ بھارت پہنچ گئیں

' کافی عرصے سے بھارت آنے کا ارادہ تھا جسے بالآخرعملی جامہ پہنا دیا'
تصویر: حانڈے ایرسل /انسٹاگرام
تصویر: حانڈے ایرسل /انسٹاگرام

ترکیہ کی نامور اداکارہ حانڈے ایرسل (Hande Ercel) بھارت پہنچ گئیں، اداکارہ بالی ووڈ اسٹارز کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہیں۔

پہلی بار بھارت پہنچنے والی حانڈے کا کہنا ہے کہ وہ ہریتک روشن اور دپیکا پڈوکون کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔

ترک اداکارہ آئی سی سی آئی فریمز 2024 کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔

حانڈے نے انستاگرام پر اداکار ایوشمان کھرانہ کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ہندی بول رہی ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران 30 سالہ اداکارہ نے کہا کہ اُن کا کافی عرصے سے بھارت آنے کا ارادہ تھا جسے بالآخر انہوں نے عملی جامہ پہنا دیا۔

حانڈے کے مطابق انہوں نے سوچا تھا کہ بھارت میں ان کے کچھ مداح ہوں گے لیکن یہاں بہت زیادہ تعداد دیکھنے کو ملی جس کی انہیں توقع نہیں تھی۔

ترک اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ بالی وڈ کو کافی قریب سے دیکھتی رہی ہیں اور اُن کا کام بہت زبردست ہے، وہ بالی اسٹارز میں سے ہریتک روشن اور دپیکا پڈوکون کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

انٹرویو کے دوران اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے تمام چاہنے والوں سے ملاقات کی خواہش رکھتی ہیں لیکن ایسا ممکن نہیں تاہم مداح ان کے دل میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔

روس سے مصالحت، یوکرین نے ترک پیشکش مسترد کردی

زیلینسکی کا ترکیہ کا دورہ، یوکرین جنگ نے بحران پیدا کردیے، صدر اردوان کی پریس کانفرنس
شائع 10 مارچ 2024 09:41am

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے یوکرین اور روس کے درمیان مصالحت کروانے کے لیے سربراہ ملاقات کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ یوکرین نے اس پیشکش کو قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

یوکرین کے صدر وولودومیر زیلینسکی نے گزشتہ روز ترکیہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے یوکرین جنگ سے پیدا شدہ صورتِ حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں صدور نے یوکرین جنگ کے نتیجے میں پورے خطے کے لیے پیدا ہونے والے بحران پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ یہ جنگ جلد از جلد ختم ہونی چاہیے۔

ترکیہ کے صدر نے یوکرینی ہم منصب کو پیشکش کی کہ اگر وہ چاہیں تو روس کو آن بورڈ لے کر سربراہ مذاکرات کیے جاسکتے ہیں۔ بات چیت کے بعد استنبول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر نے کہا کہ یوکرین میں جاری جنگ نے کئی ممالک کے لیے بحرانی کیفیت پیدا کی ہے۔

ترک صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوکرین میں جنگ کے مزید طول پکڑنے سے کئی خطوں کے لیے شدید بحرانی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔

ترکی معاہدہ شمالی بحرِ اوقیانوس کی تنظیم (نیٹو) کا رکن ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ روس اور یوکرین سے اپنے تعلقات متوازن رکھے۔ اس بلینسنگ ایکٹ کے لیے اس نے روس اور یوکرین کو کئی بار مصالحت کے حوالے سے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔

یوکرین نے یورپی یونین کی رکنیت کے حصول کی جو کوششیں کی ہیں ان سے مشتعل ہوکر روسی قیادت نے یوکرین پر حملہ کیا۔ ترکیہ اس حوالے سے معاملات کو قابلِ قبول سطح پر لانے کے لیے کوشاں ہے۔

یوکرین کے صدر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک روس سے براہِ راست بات چیت کے حق میں نہیں۔ یوکرین کی قیادت نے 10 نکات سامنے رکھے ہیں۔ جب تک ان پر اتفاق نہیں ہو جاتا، جنگ بند کرنے سے متعلق گفت و شنید نہیں ہوسکتی۔ یوکرین چاہتا ہے کہ روسی قیادت یوکرین کے حقِ سالمیت کو تسلیم کرے، تمام مقبوضہ علاقے خالی کرے، فوڈ سیکیورٹی یقینی بنائے، جنگ کے دوران قید کیے جانے والے تمام یوکرینی باشندوں کو رہا کرے، جارحیت اور مظالم کے مرتکب افراد کے تعین کے لیے ٹربیونل قائم کیا جائے اور یوکرین پر دوبارہ حملہ نہ کرنے کی ضمانت دی جائے۔

تین ممالک سے بیدخل افغان مہاجرین ایک ساتھ واپس، کابل حکومت سے ملازمتوں کا مطالبہ

رواں سال کے آغاز سے اب تک ایران، پاکستان اور ترکی سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تارکین افغانستان واپس پہنچے ہیں۔
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2024 03:20pm

ایران اور ترکی سے بے دخل کیے جانے والے افغانوں نے وطن واپس پہنچ کر کابل حکومت سے سہولیات اور ملازمتیں دینے کا مطالبہ کردیا۔

پناہ گزینوں اور وطن واپسی کی وزارت نے طلوع نیوز کو بتایا ہے کہ ایک ماہ کے دوران ایران، پاکستان اور ترکی سے 96 ہزار سے زائد تارکین وطن واپس آئے ہیں۔وزارت کے مطابق واپس آنے والے تمام افراد کو مدد فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دالو کے مہینے میں پاکستان، ایران اور ترکی سے 96 ہزار 490 تارکین وطن واپس آئے۔ ہماری کمیٹیاں ہسرحدوں پر انہیں سفری الاؤنس، خوراک اور غیر غذائی امداد اور موسم سرما کے کپڑے فراہم کرتی ہیں جس کے بعد انہیں ان کے اصل صوبوں [ریاستوں] میں منتقل کر دیا جاتا ہے۔

پناہ گزینوں اور وطن واپسی کی وزارت کے نائب وزیر عبدالرحمن رشید نے بتایا کہ ہر خاندان کو دس ہزار نقد امداد دی جاتی ہے۔

اس کے ساتھ ہی ملک واپس آنے والے کچھ تارکین وطن امارت اسلامیہ سے مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔

طلوع نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان سے اپنے 7 رکنی خاندان کے ساتھ وطن واپس پہنچنے والے پیندا نے مہاجرت کی مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ، ’وہ ہم سے پیسے لیتے تھے۔ ہم آزادانہ طور پر گھوم پھر بھی نہیں سکتے تھے اور نہ ہی ڈاکٹر کے پاس جا سکتے تھے، اسی لیے ہم افغانستان آئے۔‘

ایران سے واپس آنے والوں میں سے نازنین نامی خاتون نے بتایا کہ ’وہ میرے شوہر کو لے گئے اور بعد میں میرے شوہر نے فون کر کے کہا کہ انہیں قید کر دیا گیا ہے،4 دن بعد میں نے جا کر کہا کہ ہمیں 3 دن دیں، ہم یہاں سے چلے جائیں گے۔‘

تارکین وطن میں سے ایک خیرالدین نے کہا کہ، ’حکومت کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں تاکہ کوئی بھی دوبارہ ایران واپس نہ جائے اور ہم سب اپنے وطن میں اپنی زندگیوں کو ترقی دے سکیں۔‘

وزارت مہاجرین اور وطن واپسی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں شمسی سال کے آغاز سے اب تک ایران، پاکستان اور ترکی سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تارکین وطن افغانستان واپس پہنچے ہیں۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شہباز شریف کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر برطانیہ ، ترکیہ، چین اور ایران کی بھی مبارکباد
اپ ڈیٹ 04 مارچ 2024 09:05pm

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نو منتخب وزیر اعظم شہبازشریف کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون، ترک صدر رجب طیب اردوان، چینی صدر شی جن پنگ اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے بھی شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تہنیتی پیغام روانہ کیا ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور پاکستان کے لیے ترقی و کامرانی کی امید ظاہر کی ہے۔

برطانوی وزیرخارجہ

برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہبازشریف کی حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کے منتظر ہیں، پاکستانی حکومت کو ساتھ لیکر کام کرنےکی ضرورت ہے۔

ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین موڑ پر ہے، پاکستانی حکومت کو اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے۔

ترک صدر

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو فون کرکے مبارکباد دی اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی شہباز شریف کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

صدر رجب طیب اردوان نے توقع ظاہر کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

نومنتخب وزیراعظم نے مبارکباد کے پیغام پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی صدر

دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھیجا۔

چینی صدر نے کہا کہ امید ہے شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان نئی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گا، مشترکہ طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اپ گریڈڈ ورژن تعمیر کرنا ہوگا۔

ایرانی صدر

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے بھی شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔

ایرانی صدر نے دونوں اسلامی برادر مملک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔

صدر رئیسی نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت پاکستانی عوام اور ملک کی ترقی کے لیے بھرپور کوشش کرے گی ۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں مملک باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلیے مل کر کام کریں گے ۔

ایرانی سفیر

ادھر پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی وزیراعظم شہبازشریف کو مبارکباد پیش کی۔

نومنتخب وزیراعظم نے مبارکباد کے پیغام پر ترک صدر، چینی صدر اور ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور تینوں ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترکیہ کے پہلے لڑاکا جنگی طیارے ’قان‘ کی کامیاب پرواز

'یہ ترکیہ کا کارنامہ ہے اور ہم آئندہ بھی اسی طرح کے کارنامے کرتے رہیں گے۔' صدر رجب طیب ایردوان
شائع 22 فروری 2024 12:36pm
تصویر: ٹی آر ٹی
تصویر: ٹی آر ٹی

ترکیہ کے پہلے ’ففتھ جنریشن وا‘ محارب طیارے ’قان‘ نے پہلی پرواز کامیابی سے مکمل کر لی۔ تُرک صدر رجب طیب ایردوان کا کہنا ہے کہ، ’یہ ترکیہ کا کارنامہ ہے اور ہم آئندہ بھی اسی طرح کے کارنامے کرتے رہیں گے۔‘

فضائی و خلائی صنعت TUSAŞ کے اہم ترین ٹیکنالوجی منصوبوں میں شامل ’قان‘ کی پہلی کامیاب پرواز سے ترکیہ ففتھ جنریشن طیارہ بنانے والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔

طیارے کی اہم خصوصیات میں ڈبل موٹر، پلٹ جھپٹ اور راڈار سےچھُپنے کی اعلیٰ صلاحیت، باڈی میں اسلحہ اٹھانے اور برقی حرب قابلیت نمایاں خصوصیات ہیں۔

ملّی محارب طیارہ قان فضاء سے فضائی اور فضاء سے زمینی اہداف کے خلاف اسڑیٹجک محاربے کے امکانات فراہم کرے گا۔

اس کے علاوہ یہ بلند فضائی محاربہ مسافت اورسُپر سونک رفتار میں حساس اور پوائنٹ فائرنگ کی صلاحیت کے ساتھ منفرد مقام رکھتا ہے۔

اس موقع پر تُرک صدر نے اپنی سیاسی جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے زیر اہتمام ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ ترکیہ 5ویں نسل کے لڑاکا طیاروں کی تیاری کے حوالے سے انتہائی نازک مرحلے کو پار کرچکا ہے۔آج ترکیہ کی دفاعی صنعت کا ایک اور قابل فخر دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ، ’ہمارے قومی جنگی طیارے KAAN نے آج کامیابی کے ساتھ اپنی پہلی اڑان بھری ہے، یہ ترکیہ کا کارنامہ ہے اور ہم آئندہ بھی اسیی طرح کے کارنامے کرتے رہیں گے۔۔

انہوں نے مزید کہا کہ یترکیہ آکنجی اور کزل ایلما تیار کر چکا ہے،ہم دفاعی صنعت میں اپنی قوم کو نت نئی خوشخبریاں دیتے رہیں گے۔

کاسمیٹک سرجری کے بعد خاتون کی اسپتال سے فرار ہونے کی کوشش ناکام

اسپتال عملے کی بروقت کاروائی نے خاتون کی کوشش کو ناکام بنایا
اپ ڈیٹ 20 فروری 2024 02:24pm

ترکیہ میں غیرملکی خاتون کاسمیٹک سرجری کروا کر فرار ہوتے ہوئے پکڑی گئی، خاتون بل کی ادائیگی سے قبل اسپتال سے راہ فرار اختیار کر رہی تھی۔

یہ عجیب و غریب واقعہ ترکیہ کے شہر استنبول میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے چہرے کی کاسمیٹک سرجری کے لیے اسپتال پہنچی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے بل کی ادائیگی سے بچنے کے لیے یہ حرکت کی ۔

خاتون کے اسپتال سے بھاگنے کے یہ لمحات راہگیروں نے اپنے کیمرے میں محفوظ کر لیے، اسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تھی۔

اس مختصر کلپ میں خاتون کا چہرہ واضح طور پر سوجھا ہوا دیکھا گیا، چہرے اور گردن پر سفید پٹیاں بندھی ہوئی ہیں جس سے ظاہرہوتا ہے کہ سرجری کو تین سے چار گھنٹے ہوئے ہیں۔

جبکہ خاتون اسپتال کے لباس اور سفید چپل پہنے ہوئے اسپتال کے عملے اور نرسوں سے بحث کرتے ہوئے دیکھی گئیں، جو اسے باہر جانے سے روک رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق خاتون کسی غیر ملک سے تعلق رکھتی ہے اور وہ ترکیہ کاسمیٹک سرجری کے لیے آئی تھی اور سرجری سے پہلے کے تمام معاملات بشمول اخراجات، ڈاکٹروں سے طے ہوچکے تھے۔ تاہم خاتون کی شہریت ظاہر کرنے سے گریز کیا گیا۔

خاتون کے فرار ہونے کی کوشش اسپتال کے عملے کی بروقت کاروائی سے ناکام بنا دی گئی۔

خطبے کے دوران ترک مساجد کے امام ہاتھ میں تلوار کیوں رکھتے ہیں؟

امام مساجد ترکیہ میں تلوار لے کر ممبر پر کھڑے ہوتے ہیں
شائع 16 فروری 2024 02:32pm

عثمانیہ سلطنت نے جہاں ترکیہ سمیت کئی ممالک میں اپنی بہادری اور بہترین حکمت عملی سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا وہیں ترکیہ میں ان کی چند ایسی روایتیں بھی ہیں جو کہ سب کو حیران کر دیتی ہیں۔

ترکیہ میں آج بھی امام مسجد نماز جمعہ کے خطبے کے دوران تلوار لے کر کھڑا ہوتا ہے۔

عثمانیہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ترکیہ کے مساجد کے امام تلوار کو آج بھی اپنے پاس رکھتے ہیں، ترکیہ کے امام اس روایت کو اس لیے برقرار رکھتے ہیں تاکہ فاتح سلطان محمت کو خراج عقیدت پیش کر سکیں۔

جبکہ ترک روایت کے عین مطابق اگر عثامنیہ سلطنت کا امیر شہر فتح کرتا ہے تو امام مسجد پر یہ لازم ہوتا ہے کہ وہ دوران خطبہ تلوار کو ظاہر کرے، دراصل اس عمل سے اس بات کی نشاندہی کرنا ہوتی ہے کہ اس شہر کو مسلمانوں نے فتح کیا ہے۔

دوسری جانب ترکیہ کے مذہبی افئیرز کے صدر پروفیسر ڈاکٹر علی اربش کی جانب آیا صوفیہ سے میں پہلی بار جمعے کی نماز کے موقع پر بھی تلوار ہاتھ میں لی ہوئی تھی۔

چین کے بعد ترکی، روس اور افغانستان نے بھی تحمل کی اپیل کردی

پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ پر تشدد واقعات خطرناک ہیں، افغان وزارت خارجہ
شائع 18 جنوری 2024 07:16pm

پاکستان اور ایران کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد روس، چین، ترکیہ اور افغاستان کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

روس

پاک ایران کشیدگی پر روس نے پاکستان اور ایران سے تحمل سے کام لینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال میں مزید کشیدگی خطے کے امن و استحکام اور سلامتی میں دلچسپی نہ رکھنے والوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے گی۔

ماسکو میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریا زخارروا کا کہنا تھا کہ ایس سی او کے دوست ممالک کے درمیان کشیدگی ہونا افسوسناک بات ہے، دونوں ممالک سے روس کے شراکتی تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔

ترجمان روسی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ صورتحال میں مزید کشیدگی خطے کے امن و استحکام اور سلامتی میں دلچسپی نہ رکھنے والوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے ملک میں انسداد دہشت گردی کارروائی اس ملک کی انتظامیہ کے تعاون اور معاہدے کے تحت ہونی چاہیئے، فریقین سے تحمل سے کام لیں اور مسائل کو سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کریں۔

چین

چین نے پاکستان اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے پیش کش کردی۔

وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے بریفنگ کے دوران کہا چین کو امید ہے کہ دونوں فریق تحمل کا مظاہرہ کریں گے اورباہمی تعلقات مزید کشیدہ ہونے روکیں گے۔ اگر دونوں فریق چاہیں تو چین دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

قبل ازیں گزشتہ روز بھی چین نے پاکستان کی حدود میں ایران حملوں پر ردعمل میں دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور امن و امان قائم رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔

چینی وزیر خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے بریفنگ کے دوران کہا چین دونوں فریقوں سےتحمل کا مظاہرہ کرنے،کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کرنے اورامن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مل کرکام کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

افغانستان اور ترکیہ

پاکستان ایران کشیدگی پر افغانستان اور ترکیہ نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان وزارت خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ پر تشدد واقعات خطرناک ہیں، طویل جنگوں کے بعد خطے میں امن واستحکام آیا ہے۔

افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان، ایران کو تنازعات سفارت کاری سے حل کرنے چاہئیں۔

دوسری جانب پاکستان ایران کشیدگی پر ترکیے نے بھی دونوں ممالک سے تحمل اور عقلمندی کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر بات کی ہے، ایران اور پاکستان دونوں ہی خطے میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیے کی تجویز ہے کہ فریقین مزید کشیدگی نہ بڑھائیں، جلد از جلد امن بحال کریں۔

ترک وزارت خارجہ سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے باہمی احترام کی بنیاد پر مسائل کو حل کیا جانا چاہیے۔ اس سے قبل پاک ایران کشیدگی پر روس نے پاکستان اور ایران سے تحمل سیکام لینے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ صورتحال میں مزیدکشیدگی خطیکے امن و استحکام اور سلامتی میں دلچسپی نہ رکھنے والوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنے گی۔

ادھر ترکیہ کے وزیر خارجہ نے پاکستانی اور ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران کشیدگی کو میزید نہ بڑھائیں، امن کو بحال کریں۔

بھارت سے کشیدگی کے بعد مالدیپ نے ترکیہ سے اہم فوجی معاہدہ کرلیا

مالدیپ نے ترکیہ کے ساتھ 37 ملین ڈالر کے فوجی ڈرون خریدنے کے معاہدے پر دستخط کیے
شائع 17 جنوری 2024 09:39pm
تصویر بشکریہ ٹیلی گرام
تصویر بشکریہ ٹیلی گرام

بھارت سے کشیدگی کے بعد مالدیپ نے ترکیہ کے ساتھ گہرے سمندر میں گشت کرنے والے ڈرون طیاروں کا معاہدہ کرلیا ہے۔

مالدیپ نے ترکیہ کے ساتھ 37 ملین ڈالر کے فوجی ڈرون خریدنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ فوجی ڈرون مالدیپ کے گہرے سمندروں میں فضائی نگرانی کیلئے گشت کریں گے۔ ماضی میں اس حوالے سے بھارت نے مالدیپ کی دفاعی افواج کے ساتھ شراکت قائم کر رکھی تھی۔

ان ڈورنز نے مالدیپ کی فوج کی جانب سے مشکوک بحری جہازوں، اسلحہ و منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاسوسی پروازیں کیں۔ ان کی جگہ اب ترک ڈرونز لے لیں گے۔

واضح رہے کہ ترکیہ سے فوجی ڈرون کا معاہدہ ایسے وقت میں کیا جارہا ہے جب حال ہی میں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے اپنے ملک سے بھارت کو فوج نکالنے کیلئے 15 مارچ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مالدیپ حکومت نے 77 بھارتی فوجی اہلکاروں کو ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

ڈاکٹر محمد معیزو گزشتہ سال کے آخر میں مالدیپ کے صدر منتخب ہوئے، وہ اپنے ملک سے بھارت کا اثر و رسوخ ختم کرنے کے خواہاں ہیں، اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی وہ بھارت مخالف بیان بازی کرتے تھے اور انھوں نے ”انڈیا آؤٹ“ مہم کو لیڈ کیا تھا۔

مالدیپ کے صدر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارت کے ساتھ تعلقات کو کم کرنے اور چین کے ساتھ روابط بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مالدیپ کے ایک وزیر کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کے مالدیپ کے سیاحتی دورے کو جواز بناکر ان کے بارے میں توہین آمیز تبصرہ بھی کیا تھا۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا فوجی ٹیکنالوجی میں تعاون پر تبادلہ خیال

مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے تعاون کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور
شائع 10 جنوری 2024 04:59pm
فوٹو ــ فائل / کراچی میں منعقدہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022
فوٹو ــ فائل / کراچی میں منعقدہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے فوجی ٹیکنالوجی میں تعاون پر تبادلہ خیال ہے۔ تینوں ملکوں نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے تعاون کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے انگریزی اخبار کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بات چیت سہ فریقی دفاعی صنعتی تعاون کے دوسرے اجلاس میں ہوئی، یہ اجلاس راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کیا گیا تھا۔ یہ فورم تینوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لئے قائم کیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحقیق اور ترقی سمیت دفاعی سازوسامان کی ٹیکنالوجی میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

تینوں ممالک نے مشترکہ مقاصد کے حصول اور دفاعی شعبے میں خود کفالت کے حصول کے لئے دانشورانہ، تکنیکی، مالی اور انسانی وسائل کو یکجا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے تاریخی تعلقات کا اعتراف کیا اور سہ فریقی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے اپنے اسٹریٹجک ارادے کا اعادہ کیا۔ مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے تعاون کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت سمیت دفاعی شعبے میں خود کفالت کے حصول کیلئے وسائل جمع کرنے پر زور دیا گیا۔

تینوں فریقین نے ورلڈ ڈیفنس شو کے موقع پر سہ فریقی دفاعی صنعتی تعاون پر اگلا اجلاس منعقد کرنے کا عزم کیا۔ ورلڈ ڈیفنس شو فروری 2024 میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شیڈول ہے۔

شدید افراطِ زر سے ترکیہ کا برا حال، حکومت کم از کم اجرت میں 49 فیصد اضافے پر مجبور

رواں سال کے اوائل میں بھی 26 فیصد اضافہ کیا تھا، ایک تہائی ترک باشندے کم از کم اجرت کی سطح پر زندگی بسر کر رہے ہیں
شائع 29 دسمبر 2023 08:27am

ترکیہ کی حکومت نے غیر معمولی افراطِ زر کا مقابلہ کرنے کے لیے کم از کم اجرت میں 49 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت ترکیہ میں افراطِ زر کی شرح 62 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

ترکیہ کی معیشت کو دو سال قبل کرنسی کے غیر معمولی بحران کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ امریکہ اور یورپ کے بعض اقدامات کے نتیجے میں ترکیہ کی کرنسی لیرا پر شدید دبائو مرتب ہوا تھا۔ ڈالر اور دیگر مغربی کرنسیوں کے مقابلے میں لیرا کی گرتی ہوئی قدر کو بلند کرنے کے لیے ترکیہ کی حکومت نے مختلف مراحل میں شرحِ سود 40 فیصد تک بڑھائی ہے۔

ترکیہ کے وزیر محنت ویدات اسیکھان نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ترکیہ کو دو سال کے دوران 25 سال کے شدید ترین کرنسی بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کے نتیجے میں ترکیہ کی معیشت کو الجھنیں درپیش رہی ہیں۔ لیرا کی قدر میں نصف کی حد تک رونما ہونے والی کمی سے عوام کو بھی مشکلات جھیلنا پڑی ہیں۔

ترکیہ کے مرکزی بینک نے چند ماہ کے دوران شرحِ سود میں مجموعی طور پ 42 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔ معیشتی خرابی سے عوام کا معیارِ زندگی بھی متاثر ہوا ہے۔ حکومت نے رواں سال کے اوائل میں کم از کم اجرت میں 25 فیصد اضافہ کیا تھا۔ اب پھر کم از کم اجرات بڑھائی جارہی ہے تاکہ لوگ ڈھنگ سے جینے کے قابل ہونے میں دشواری محسوس نہ کریں۔

ترکیہ کی آبادی 8 کروڑ 60 لاکھ ہے۔ ایک تہائی ترک کم از کم اجرت کی سطح پر زندگی بسر کر رہے ہیں۔ حکومت ان کے لیے بعض معاملات میں زرِ اعانت کا انتظام بھی کرتی ہے تاکہ وہ معیاری انداز سے جی سکیں۔

ترکیہ میں 5.5 شدت کا زلزلہ

جمعرات کو مشرقی ترکیہ کے علاقے میں 5.5 شدت کا زلزلہ آیا۔
شائع 28 دسمبر 2023 02:55pm

مشرقی ترکیہ میں آئے 5.5 شدت کے تازہ زلزلے نے ملک کے کئی علاقوں کو جھنجھوڑ دیا۔

یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر (EMSC) نے بتایا کہ جمعرات کو مشرقی ترکیہ کے علاقے میں 5.5 شدت کا زلزلہ آیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 9.4 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔۔۔