کشمیر کی قسمت کا فیصلہ کشمیری عوام کو کرنے دیا جائے،وزیراعظم  عمران خان

شائع 20 جنوری 2020 11:10am
فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان  کا کہنا ہے کہ کشمیر کی قسمت کا فیصلہ کشمیری عوام کو کرنے دیا جائے ،دنیا آزاد اور مقبوضہ کشمیر کا دورہ کر کے جائزہ لے،مقبوضہ وادی میں تمام سیاسی قیادت قید میں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے جرمن ٹی وی ڈی ڈبلیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80لاکھ شہری5ماہ سے محصور ہیں  ،ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو گھروں سےاٹھاکرغائب کردیاگیا، دنیا آزاد اور مقبوضہ کشمیر کا دورہ کر کے جائزہ لے ، کشمیرعالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں تمام سیاسی قیادت قید میں ہے،کشمیر کی قسمت کا فیصلہ کشمیری عوام کو کرنے دیا جائے ،دونوں جانب سےکشمیری عوام کورائےدینے کےحق میں ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑا انسانی بحران جنم لے رہا ہے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کا نوٹس لے ،بڑی تباہی سے پہلے اقوام متحدہ کوبھی نوٹس لینا چاہیئے۔

وزیراعظم نے کہا  کہ بھارت میں آر ایس ایس نازی پارٹی کے نظریئے پر عمل پیرا ہے،مودی کی نفرت انگیزپالیسی ناصرف خطےبلکہ عالمی امن کےلیےخطرہ ہے،آرایس ایس نے ہی مہاتما گاندھی کوقتل کیا،متنازعہ شہریت کاقانون آرایس ایس کےنظریےکاعکاس ہے۔

انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا مزیدکہنا تھا کہ کشمیرپر2ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کرکھڑی ہیں،پاکستان 60کی دہائی میں ایشیامیں تیزترین ترقی کرنے والا ملک تھا،پاکستان میں سیاحت کے بھرپور مواقع موجودہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ایران اور سعودی عرب سےدوستانہ تعلقات ہیں،چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک افہام وتفہیم سے مسئلہ حل کریں ،خطہ اس وقت کسی کشیدگی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔