مبینہ جعلی حلف نامہ جمع کرانےپرفیصل واوڈا کی نااہلی کےلیےدائر4 درخواستیں یکجا

اپ ڈیٹ 03 فروری 2020 11:21am
فائل فوٹو

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے مبینہ جعلی حلف نامہ جمع کرانے پروفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی کےلیے دائر4 درخواستیں یکجا کردیں۔

دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے درخواست گزاروں کے وکیل  کو ہدایت کی کہ تصدیق شدہ دستاویزات جمع کرائیں ان کا جائزہ لیں گے۔

وکیل نے فیصلہ آنے تک فیصل واوڈا کی رکنیت معطلی کی استدعا کی جس پر ممبرالیکشن کمیشن الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ ایسی پہلے کوئی مثال موجود نہیں،فیصل واوڈا کو بھی سنا جائے گا۔

ممبرارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کرنے پرآرٹیکل 62کا اطلاق ہوتا ہے،دیکھنا ہوگا امریکی شہریت چھوڑی کب گئی؟۔

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب  کرلیا اورکیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔