کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم مزید سرد 

اپ ڈیٹ 04 فروری 2020 10:26am
فائل فوٹو

کراچی :شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا، تاہم مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔

کراچی کا موسم جزوی ابرآلودہے، رات گئے شہر میں  کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی،شہر میں موسم سرما کی پہلی تیز بارش کے بعد جاتی سردی پھر لوٹ  آئی ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگی،جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

کراچی میں صبح سویرے بفرزون،گلشن اقبال ،نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد،سائٹ ایریا،اورنگی ٹاؤن ، قصبہ کالونی،منگھوپیر،ڈیفنس،قیوم آباد،محمودآباد،منظورکالونی ،قائد آباد،لانڈھی،کورنگی ، ملیر،گلشن حدید اور اطراف کے علاقوں میں بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 3.5 ملی میٹرریکارڈ کی گئی، جناح انٹرنیشنل ایورٹ پر 0.6، صدر میں 2.5 نارتھ کراچی 0.5،  پی اے ایف مسرور پر 1.6، سرجانی ٹاون 1.2 ،کیماڑی 0.5 جبکہ گلستان  جوہر میں 2.6 اور پی ایف فیصل پر 1.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث شہر کے دیگر مقامات  پر پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

 محکمہ موسمیات کے موسمیات کے مطابق شمال مشرق سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، کم سے کم  درجہ حراست 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،آئندہ 24 گھنٹے کے دوران  مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

دوسری جانب بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی ،اب تک بیشتر علاقوں میں بجلی بحال ہوچکی ہےتاہم سولجر بازار، منگھوپیر، قصبہ کالونی سمیت بعض علاقوں میں تاحال بجلی غائب ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ بحالی کا کام جاری ہے،متاثرہ علاقوں میں بجلی جلد بحال کردی جائے گی۔