'ہم غربت کے خاتمہ کےلئے بار بار جیل جانے کے لئے تیار ہیں'

شائع 01 مارچ 2020 03:34pm
فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے نیب کو احتساب کی جگہ مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کا ادارہ بنا دیا ہے۔تاریخ میں پہلی بار چوری کرنے کے بجائے ترقیاتی کام کروانے پر جیل بھیجا جا رہا ہے مگرہم غربت کے خاتمہ کےلئے بار بار جیل جانے کے لئے تیار ہیں۔

مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عوام کے سامنے سرخرو کیا ہے اور جھوٹے الزام لگانے والے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے کندھے دہشتگردی کے باعث جنازے اٹھا کر شل ہو چکے تھے اور عوام بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہے تھے مگر عوامی قیادت کے اقدامات سے ملک ترقی کی طرف گامزن ہوا۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں پاکستان سرمایہ کاری مقناطیس تھا مگر آج وزیر اعظم ہاتھ میں کشکول پکڑ کر بھکاری بنا بیٹھا ہے اور عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح نا اہل حکمران ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا رہے ہیں ممکن ہے کہ آنے والے دنوں میں ملکی معاملات چلانے کےلئے ایٹمی پروگرام رول بیک کرنے کی شرط پر قرض لینا پڑے۔