نیب نے آصف زرداری اورنوازشریف کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس دائرکردیا
فائل فوٹواسلام آباد:نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اورسابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا۔
نیب کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایک اور ریفرنس دائر کردیا گیا،چیئرمین جسٹس (ر)جاویداقبال کے دستخط کے بعد نیب نے احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا، نیا ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر کیا گیا۔
نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر کیے گئے ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی سمیت 5 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ نیب ریفرنس میں خواجہ انور مجید اور خواجہ عبدالغنی مجید بھی بطور ملزم نامزد ہیں۔
دائر کیے گئے ریفرنس میں کہا گیا کہ آصف زرداری کو بطورصدر لیبیا اور یو اے ای سے گاڑیاں تحفے میں ملیں جو توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں، آصف زرداری نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی کی۔
نوازشریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر بھی نہ تھے جنہیں بغیردرخواست دیئے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی ،آصف زرداری اورنوازشریف نے یوسف رضا گیلانی سے غیرقانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں۔
ریفرنس میں بتایا گیاکہ گاڑیوں کی ادائیگی جعلی اکاؤنٹس سے کی، 2کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں ،ملزم نے 3کروڑ 70لاکھ روپے کسٹم کلیکٹر اسلام آباد کو ٹرانسفر کئے اور آصف زرداری کے اکاؤنٹس میں بھی 92 لاکھ روپے ٹرانسفر کیے۔
ریفرنس میں ملزم نامزد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملزمان نیب آرڈیننس کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے ٹرائل کرکے سخت سزا سنائی جائے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔