محکمہ موسمیات کی پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

اپ ڈیٹ 06 مارچ 2020 07:26am
فائل فوٹو

لاہور:محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں دوسرے روز بھی بادلوں کے ڈیرے اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، مارچ کے مہینے میں دسمبر جنوری کی یاد تازہ کئے ہوئے ہے،2 روز سے شہری سرد موسم کے مزے لے رہے ہیں۔

دو روز سے جاری بارشوں نے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی بھی جمع کردیا ہے.جبکہ اکثر علاقوں میں بجلی کا نظام معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ، کہروڑ پکا، جلالپور پیروالا اور شیخوپورہ میں بارش نے موسم ٹھنڈا کردیا۔ کمالیہ، وہاڑی، راجن پور، عارف والا اور جہانیاں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔